سرینگر، 30 اگست :
جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں اب تک مویشیوں میں جلد کی بیماری لمپی کے کم از کم 41 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ حیوانات کے اعلیٰ عہدیداروں نے بتایا کہ پلوامہ ضلع کے کاکاپورہ اور پامپور علاقوں میں مویشیوں میں گانٹھ کی بیماری کے تقریباً 41 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے دو فوت ہوچکے ہیں جنہیں تمام ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے سپرد خاک کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پانچ صحت یاب ہوچکے ہیں اور باقی زیر علاج ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نقل و حمل کو روکنا ہوگا اور ضلع انتظامیہ نے اس سلسلے میں پہلے ہی ایڈوائزری جاری کر دی ہے اور پلوامہ سے دوسرے ضلع یا اس کے برعکس جانوروں کی نقل و حمل پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کسان کو کسی جانور میں یہ بیماری نظر آئے تو اسے اس جانور کو 10-15 دن کے لیے الگ کرکے رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو اپنے جانوروں میں علامات پائے جانے کے بعد قریبی مویشی پالنے والے دفاتر سے رابطہ کرنا چاہیے تاکہ وہ بروقت علاج کروا سکیں اور دوسرے جانوروں سے الگ ہو سکیں۔ ہم تمام احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیں تاکہ یہ دوسرے علاقوں میں نہ پھیلے۔ ہم کسانوں میں اس بارے میں بھی آگاہی پھیلا رہے ہیں کہ ایل ایس ڈی سے کیسے نمٹا جائے اور اسے پھیلنے سے کیسے روکا جائے۔