نئی دہلی، 07ستمبر:
ملک میں اب کورونا وبا سے بچاومیں ناک سے دی جانے والی ویکسین بھی مددگار ثابت ہوگی ۔ سنٹرل ڈرگس اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن (سی ڈی ایس سی او) نے منگل کو بھارت بائیوٹیک کی نیزل ویکسین کو منظوری دے دی۔ یہ 18 سال سے زیادہ عمر کے بالغوں کو ایمرجنسی استعمال کے لیے دی جا سکتی ہے۔
مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے منگل کے روز ٹویٹ کیا کہ بھارت بائیوٹیک کی سی ایچ ڈی36- کووڈ 19 (چمپینزی ایڈینو وائرس ویکٹرڈ) ریکامبی ننٹ نیزل ویکسین کو سنٹرل ڈرگس اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن (سی ڈی ایس سی او) نے منظور ی دے دی ہے۔ یہ قدم وبائی مرض کے خلاف ہماری اجتماعی لڑائی کو مزید تقویت دے گا۔ اس سے ہندوستان کی کورونا کے خلاف لڑائی کو تقویت ملے گی۔
منظوری کے بعد اب یہ ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے فرد کو کورونا کے خلاف بنیادی قوت مدافعت کے لیے دی جا سکے گی۔منڈاویہ نے کہا کہ ہندوستان نے اپنی سائنس، تحقیق اور ترقی اور انسانی وسائل کو کورونا کے خلاف جنگ میں استعمال کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں سائنس پر مبنی نقطہ نظر اور سب کا پریاس کے ساتھ ، ہم کورونا کو شکست دیں گے۔
