سرینگر،13 ستمبر:
بھارتیہ جنتا پارٹی جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے لئے زمینی سرگرمیوں کو تیز کرتے ہوئے 17 ستمبر کو وزیراعظم کے یوم پیدائش سے شروع ہونے والے سیوا پکھواڑا میں نچلی سطح کے پروگراموں کے ذریعے لوگوں کو شامل کرے گی۔ یہ حکمت عملی جموں میں بی جے پی کے کور گروپ کی میٹنگ میں بنائی گئی۔
ریاستی صدر رویندر رینہ کی صدارت میں ہوئی اس میٹنگ میں تنظیم کے جنرل سکریٹری اشوک کول، ایم پی جوگل کشور شرما، جموں و کشمیر کے شریک انچارج آشیش سود سمیت کئی سینئر لیڈروں نے شرکت کی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق حال ہی میں جموں میں منعقدہ پیپلز الائنس فار گپکر اعلامیہ کی میٹنگ، غلام نبی آزاد کے کانگریس چھوڑنے کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں تیزی جیسے مسائل پر بھی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
میٹنگ میں اضلاع میں تمام تنظیمی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ ریاست میں سیوا پکھواڑا کے دوران منعقد کئے جانے والے پروگراموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثنا، ریاست میں بی جے پی کی سیوا پھکواڑا ستمبر 17 سے شروع ہوگا اور 2 اکتوبر کو گاندھی جینتی تک جاری رہے گا۔ اس دوران 25 ستمبر کو پنڈت دین دیال اپادھیائے کی یوم پیدائش پر بھی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اس دوران ریاست کے تمام اضلاع میں عوامی خدمت کے پروگراموں کے ساتھ ساتھ خون کا عطیہ، پانی کی بچت، صفائی مہم کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ ایسے میں بی جے پی کے اس پروگرام کو ہر اضلاع میں کامیاب بنانے کے لیے اضلاع میں کی جارہی تیاریوں پر بھی نظر رکھی گئی۔
دریں اثنا، ریاستی بی جے پی لیڈران اس وقت مختلف اضلاع کی دہلیز پر انتخابی تیاریوں کو تیز کر رہے ہیں۔ جموں پہنچے سود منگل کو جموں میں بی جے پی کی چار ضلعی اکائیوں کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ میٹنگ میں اضلاع میں ہونے والے پروگراموں کے ساتھ ساتھ اسمبلی انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جانے والی سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔