سرینگر، 18-ستمبر:
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کی تحصیل لارنو میں اتوار کی صبح کچے مکان کے گرنے سے تین خانہ بدوشوں کی موت ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق صبح صویرے پولیس تھانہ لارنو کو معتبر ذرائع سے اطلاع ملی کہ ڈکسم کے چکورا مارٹر جنگلاتی علاقہ میں منظور احمد گورسی ولد محمد عبداللہ گورسی کا مٹی کا مکان منہدم ہو گیا۔ اور مبینہ طور پر منظور احمد گورسی اپنے دو خاندان کے افراد سمیت اندرپھنس گئے۔
اس کے مطابق ایس ایچ او لارنو ریشی کمار نے پولیس ٹیم اور مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ تاہم اس المناک حادثے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ مرنے والوں کی شناخت منظور احمد گورسی (39) ولد محمد عبداللہ، ہاجرہ بیگم (36) اور آصف گورسی (10) ولد منظور احمد کے طور پر کی گئی ہے، سبھی بڈھارڈ کوکرناگ کے رہنے والے ہیں۔