نئی دہلی، 26 مارچ :
مرکزی حکومت نے غریبوں کو مفت اناج فراہم کرنے کے لیے کووڈ وبا کے دوران شروع کی گئی اسکیم کو ستمبر تک چھ ماہ تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ کی میٹنگ میں پردھان منتری غریب کلیان انا یوجنا کو چھ ماہ تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس اسکیم سے 80 کروڑ سے زیادہ لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اس کے تحت فی کس ماہانہ پانچ کلو گرام اناج مفت تقسیم کیا جا رہا ہے۔ اسکیم کی مدت 31 مارچ کو ختم ہو رہی تھی، اب اسے آنے والے ستمبر تک جاری رکھا جائے گا۔
وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کرکے بتایاکہ “ہندوستان کی طاقت ملک کے ہر شہری کی طاقت میں ہے۔ اس طاقت کو مزید مضبوط کرنے کے لیے حکومت نے پردھان منتری غریب کلیان انا یوجنا کو مزید چھ ماہ کے لیے ستمبر 2022 تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک کے 80 کروڑ سے زیادہ لوگ پہلے کی طرح اس کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔‘‘رواں مالی سال کے اختتام تک اس اسکیم پر کل 2.68 لاکھ کروڑ روپے خرچ ہونے کی امید ہے۔ (یو این آئی)