لاہور، 26 مارچ:
آسٹریلیائی بلے باز اسٹیو اسمتھ دورہ پاکستان کی محدود اوورز کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ انہیں یہ فیصلہ بائیں کہنی میں چوٹ کی وجہ سے لینا پڑا۔ سلیکٹرز نے ان کی جگہ لیگ اسپنر مشل سویپسن کو ٹیم میں شامل کیا ہے، جو ٹیسٹ سیریز کا بھی حصہ تھے۔
اسمتھ اب پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ، مشل اسٹارک اور ڈیوڈ وارنر کے ساتھ آسٹریلیا واپس آئیں گے۔ یہ تمام کھلاڑی ٹیسٹ سیریز میں 1-0 سے جیت کے بعد آسٹریلیا واپس جائیں گے۔ اسمتھ کی بائیں کہنی کا یہ مسئلہ بہت پرانا ہے اور آسٹریلیائی ٹیم انتظامیہ نے یہ فیصلہ احتیاط کے طور پر کیا ہے۔
اسمتھ کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کے خلاف ان میچوں سے محروم ہونا مایوس کن ہے، لیکن طبی عملے سے بات کرنے کے بعد مجھے یہ بریک لینا پڑا، یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے، لیکن میں اسے بڑھانا بھی نہیں چاہتا‘۔
واضح رہے کہ اسمتھ کو آئی پی ایل کی اس نیلامی میں کسی ٹیم نے نہیں خریدا تھا، جس کی وجہ سے انہیں دو ماہ کا آرام ملے گا اور وہ اب سیدھے 7 جون سے سری لنکا کے دورے کا حصہ بنیں گے۔
ہیڈ آف سلیکٹرز جارج بیلی نے کہا کہ ہمیں اگلے 18 مہینوں میں کافی کرکٹ کھیلنی ہے اور اس لیے انہیں آرام دینے میں کوئی دقت نہیں، اس سال ہمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور اگلے سال 50 اوور کا ورلڈ کپ کھیلنا ہے۔ ایشیا کپ میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بھی اچھا موقع ہوگا، جو اسمتھ کی جگہ ٹیم میں شامل ہوں گے۔ پاکستان کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز منگل سے شروع ہو رہی ہے جبکہ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ 5 اپریل کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ (یو این آئی)