لندن،8 جولائی:
دو بار کے چیمپئن اسپین کے رافیل نڈال ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ 2022 کے سیمی فائنل سے باہر ہو گئے ہیں۔ جمعہ کو مردوں کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے نک کرگیوس سے مقابلہ ہونا تھا لیکن انہوں نے پیٹ میں درد کی وجہ سے ایونٹ سے ہٹنے کا اعلان کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی کرگیوس فائنل میں پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا مقابلہ سربیا کے نوواک جوکووچ یا برطانوی کھلاڑی کیمرون نوری سے ہوگا۔
اس سے قبل رافیل نڈال نے بدھ کو ٹیلر فرٹز کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ نڈال نے فرٹز کو 3-6، 7-5، 3-6، 7-5، 7-6 (10-4) سے شکست دی۔ یہ میچ 4 گھنٹے 20 منٹ تک جاری رہا۔ نڈال دوسرے سیٹ میں میڈیکل ٹائم آؤٹ کے لیے کورٹ سے باہر نکل گئے، میچ کے وسط میں پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے تھے۔
دوسری جانب نک کرگیوس بدھ کو ومبلڈن میں کورٹ نمبر 1 پر کرسچن گارن کو شکست دے کر اپنے پہلے گرینڈ سلیم سیمی فائنل میں داخل ہوئے۔ کرگیوس نے دو گھنٹے 13 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں گارن کو 6-4، 6-3، 7-6 سے شکست دی تھی۔
