چٹان ویب ڈیسک
کینیڈا میں جعلی شناخت کے ساتھ خود کو نرس ظاہر کرنے والی ایک خاتون کو دھوکہ دہی کے الزام میں سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 50 سالہ بریگزٹ کلروکس کو گذشتہ سال اگست میں اوٹاوا میں گرفتار کیا گیا تھا جب ان کے ایک حالیہ فراڈ کا پتا چلا تھا۔
ان کے خلاف ایک ساتھی کولیگ نے نرسوں کی گورننگ باڈی میں شکایت درج کروانے کی کوشش کی تھی اور ایک جعلی الرٹ سامنے آیا تھا۔انہوں نے جنوری میں سات جرائم کا اعتراف کیا تھا جن میں جعلی شناخت، ہتھیار سے حملہ، فرٹیلیٹی کلینک اور ڈینٹل کلینک میں 20 مریضوں کو دوائیاں اور انجیکشن لگانے کا جرم شامل تھا۔
اونٹاریو کورٹ کے جسٹس رابرٹ ویڈن کے حوالے سے پبلک براڈکاسٹر سی بی سی نے کہا کہ ’ان کی دھوکہ دہی نے ’ہمارے معاشرے کے اس اعتماد کو دھچکا پہنچایا ہے جو وہ ہمارے صحت کی دیکھ بھال کے نظام پر کرتا ہے۔‘
کلروکس نے مبینہ طور پر اپنی زندگی میں اسی طرح کی دھوکہ دہی کا ارتکاب کیا، جعلی ریزیوم اور جعلی شناختی کارڈز کا استعمال کرتے ہوئے درجنوں ناموں اور ایک طویل مجرمانہ ریکارڈ رکھا۔
جب ان کی اصلیت کا معلوم ہوتا تو وہ احتساب سے بچنے کے لیے کبھی کبھار غائب بھی ہو جاتی تھیں۔
کلروکس کو اب بھی ایک سال تک برٹش کولمبیا کے ایک ہسپتال میں خود کو نرس ظاہر کرنے کے الگ الگ الزامات پر قانونی چارہ جوئی کا سامنا ہے۔
کئی مریضوں نے برٹش کولمبیا ہیلتھ اتھارٹی کے خلاف بھی مقدمہ دائر کیا ہے کہ وہ انہیں ملازمت دیتے وقت ان کی نرسنگ اسناد کی تصدیق کرنے میں ناکام رہی۔