ویب مانیٹرینگ
فلسطینی گروپ حماس نے اعلان کیا ہے کہ اس نے غزہ میں اپنے سب سے بڑے عہدے دار یحییٰ سنوار کو اپنا نیا سربراہ مقرر کیا ہے۔
خیال رہے یحییٰ سنوار کو 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر ہونے والے حملے کا ماسٹر مائیڈ سمجھا جاتا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق حماس کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ تنظیم نے یحییٰ سنوار کو اپنے پولیٹکل بیورو کا نیا سربراہ مقرر کیا ہے۔ یحییٰ سنوار حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سابق سربراہ اسماعیل ہنیہ کی جگہ لیں گے جنہیں گذشتہ ہفتے ایران کے دارلحکومت تہران میں ایک اسرائیلی حملے میں مارا گیا تھا۔
اکتوبر 7 کے حملوں کے بعد یحییٰ سنوار سامنے نہیں آئے ہیں۔ جنوبی اسرائیل پر حماس کے حملے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور تقریبا 250 اسرائیلوں کو حماس نے یرغمال بنالیا تھا۔
اس حملے کے بعد اسرائیل نے غزہ پر حملہ شروع کیا تھا اور 10 ماہ سے جاری جنگ میں 40 ہزار کے قریب فلسطینی مارے گئے ہیں جن میں غالب اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہیں۔