از:پروفیسر اشوک کول
ترجمہ و تلخیص: فاروق بانڈے
کوئی بھی معاشرہ یک رنگی گروہ نہیں ہے، لیکن تاریخی برادریوں میں ڈی این اے سے کچھ ایسا ہوتا ہے جو کبھی نہیں مرتا۔ یہ ایک پائیدار ثقافتی اور روحانی سرمایہ ہے۔ مذہبی رسمیت اسے وقتی طور پر پریشان کر سکتی ہے، لیکن بنیادی ثقافت کو مٹایا نہیں جا سکتا۔
کشمیری معاشرہ، اس طرح، ایک یک رنگی ثقافتی ہستی ہے، جسے اگر تنہاچھوڑ دیا جائے، تو وہ تشدد سے نفرت کرے گا اور اپنے سماجی اور جغرافیائی منظر نامے میں امن کے ساتھ زندگی بسر کرے گا۔ اس کے باوجود، ‘کشمیر فائلز’ اتنی ہی حقیقت پر مبنی ہے جتنی میرے بچپن کے بہترین دوست غلام حسن ‘شاہین’ کے ساتھ ڈرائنگ روم کی تصویر۔
موجودہ سیاسی اور سماجی شعور اسے حقیر سمجھے گا۔تاہم آئیے ہم دو برادریوں، بٹہ اور مسلمان، کے اس بندھن کے معمے کو سمجھتے ہیں۔
اسلام چودھویں صدی میںشاہی دربار کے ذریعے وادی میں داخل ہوا اور مشترکہ نسب سے مذہبی تبدیلیوں کے ذریعے پھیل گیا۔ اس کے باوجود مقامی باصلاحیت افراد نے ایک مقامی روایت پیدا کی، ایک ٹر ئیکا فلسفہ جو چھوٹی روایات کے شئویت فلسفہ میں اسلام کی عظیم روایات کا مرکب تھا، اسلام کی رسمیت یا خالص براہیمیت سے علیحدہ، ایک زندہ مذہب کی تشکیل۔
لل دید اس کا محور تھا اور نند ریشی، اس کا تسلسل۔ بڈ شاہ نے اسے مستحکم کیا۔ لل دیدنے ہمیں واکھ اور سادہ کشمیری زبان میں ایک وجودی دنیا کا منظردیا جس نے ہمیں نندریشی روایت میں آسانی کے ساتھ تیرنے پر مجبور کیا۔ شیو ازم اور اسلام دونوں اس میں گھل مل گئے، یہ ہماری مشترکہ شناخت تھی۔
ہم نے مل کر اسے فروغ دیا۔
تاہم، جب سولہویں صدی کے آخر میں مغل سلطنت نے کشمیر پر قبضہ کر لیاتو یہ غیر مقامی روایات نے اسے زیر کیا ۔ بادشاہ یوسف شاہ چک کی جلاوطنی اور’ زون‘ کی محرومی اور اذیت کے ساتھ، نئی روایت کا ایک اعلیٰ ڈھانچہ ہم پر حاوی ہو گیا۔اسے بیسویں صدی کے وسط تک غیر مقامی بادشاہوںنے جاری رکھا۔ اس نے ایک ایسی اشرافیہ کی تشکیل دی جس میں غیر مقامی زبان، ثقافت اور اسلوب تھا جس نے ہماری مقامی روایت کو خراب کیا اور اسے زبانی روایت کی کمتر نقل کے طور پر پیش کیا۔
شناخت کے کھو جانے پر ہم نے ایک ساتھ ماتم کیا اور صدیوں تک اجتماعی طور پر روتے رہے۔
قومی تحریک کی آمد کے ساتھ، بیسویں صدی کے اوائل میں کشمیر چھوڑو تحریک سمیت ذیلی تحریکوں کی ایک دوڑشروع ہوئی۔ نہرو اور عبداللہ اس کے ہیرو تھے اور ہم ان سے بے پناہ محبت کرتے تھے۔ تقدیر کے ساتھ ان کی کوشش کو علامہ اقبال نے خود ان مصائب پر قابو پانے اور طاقتور غیر مقامی سپر اسٹرکچر سے نجات دلانے کی دعا دی تھی جس نے ہماری روایات کو خاک میں ملا دیا تھا۔
گرینڈ عبداللہ نے اس قومیت کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش کی جس کی نہرو نے خواہش کی تھی۔ صدیوں کی محکومی نے غیر مقامی تقسیم کو جنم دیا جس نے نہ صرف ہمیںاپنی زبان اور ثقافت کو کمتر سمجھنے پر مجبور کیا بلکہ ہمارے وسائل کو بھی ختم کر دیا اور شالی، شال اور جنگلات کی سیاسی معیشت پر کھیل کر مزارات پر قابض ہو کر ہم پر حکومت کی۔. نیشنل کانفرنس کا جنم ان کو بے دخل کرنے کے لیے تھا۔
طاقتور اشرافیہ کا سامنا کرنا آسان نہیں تھا لیکن ہم ، احرار ، وادی میں ان کے حامیوں اور مہاراجہ کی مخالفت کے لیے اکٹھے ہوئے۔ نہرو نے عبداللہ کو پروموٹ کیا اور عبداللہ کو بٹس کی ضرورت تھی تاکہ بڑے ناخواندہ عوام کو ان کی عملی خواندگی کے ذریعے تبدیل کیا جا سکے۔ ایجنڈا طے کیا گیا اور ’’نیا کشمیر دستاویز‘‘ مرتب کیا گیا۔ یہ ’’دو قومی نظریہ‘‘ کے خلاف اور قائداعظم جناح کی ناراضگی کے لیے تھا۔
1944 میں جناح نے دوسری بار کشمیر کا دورہ کیا۔ دو جگہوں پر ان کا استقبال کیا گیا۔ پہلا،جس کااہتمام نیشنل کانفرنس کی طرف سے کیا گیا تھا اورجہاں خطبہ استقبالیہ پنڈت جے ایل کلیم نے پڑھا۔ اس استقبالیہ خطبے نے اس سے(جناح) اس قدر متاثر کیا کہ اس نے کہا کہ ‘بادشاہ بھی آپ کے استقبال پر فخر محسوس کرسکتے ہیں’۔
وہ مسلم کانفرنس کی قیادت کی طرف سے ڈیلیگیٹ کے دوسرے استقبالیہ سے مایوس ہوئے، جس کی وجہ سے انہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ ‘پنڈت کمپنی کے بغیر، وہ کہیں نہیں جا سکتے’۔ اس کا مشن متبادل مسلم قیادت کو چننا تھا، جب عبداللہ نے جھکنے سے انکار کر دیا۔ نہرو کی قربت کے ساتھ عبداللہ کی شبیہ لوگوں میں بے حد مقبو ل تھی۔
عبداللہ نے کھلے عام قائداعظم کی تضحیک کی اور انہیں بغیر کسی تقریب کے وادی چھوڑنے پر مجبور کیا جسے وہ کبھی نہیں بھولے۔ اس کی طرف سے مہاراجہ نے عبداللہ کو نقصان پہنچانے کا کام کیا۔ انہیں بغاوت کے الزام میں آزادی سے ٹھیک پہلے قید کر دیا گیا تھا۔
نہرو کی ثابت قدمی کے بغیر عبداللہ کی بقاء مشکوک تھی۔ نہرو نے ا س کا مقدمہ لڑنے کے لیے دہلی سے تین وکلاء بھیجے اور یہ یقینی بنایا کہ عظیم عبداللہ مہاراجہ کے ساتھ دستاویز الحاق پر دستخط ہونے کے فوراً بعد بر سر اقتدار آئے، جو ( مہاراجہ )پاکستان کی طرف سے ‘قبائلی حملے’ سے بچ گیا تھا۔
عبداللہ نے 31 اکتوبر 1947 کو حلف اٹھایا۔ نہرو اور رفیع احمد قدوائی نے بندھن کی تصدیق کے لیے عبداللہ کے ساتھ ڈائس کا اشتراک کیا۔ نہرو نے کہا کہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی ہم ایک ساتھ کھڑے ہوں گے اور ہر دشمن کا مقابلہ کریں گے۔ عبداللہ نے قطعی دوٹوک بیان کے ساتھ جواب دیا۔ بعد ازاں، 1950 میں، دہلی اعلامیہ کو عبداللہ نے ‘دلوں کا اتحاد نہ کہ کاغذی معاہدہ، جسے زمین کی کوئی طاقت کھو نہیں سکتی’ قرار دیا۔
ہم نے مل کر خوشی منائی
افسوس! سرد جنگ نے دنیا کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا تھا ۔ یو ایس ایس آر کے پھیلاؤ کے خوف سے امریکہ اور اتحادیوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کشمیر کو ابالتے رکھنے کے لیے پاکستان کی سرپرستی کی۔پاکستان فوجی اھمیت اور کشمیر اثاثہ حکمت عملی بن گیا۔ قائداعظم کا انتقال ہو چکا تھا اور پاکستان کے وزیر اعظم لیاقت علی خان کو قتل کر دیا گیا تھا۔ مغربی طاقتوں کے لیے عظیم عبداللہ کو مذہبی اصولوں پر آمادہ کرنا آسان تھا۔
مسئلہ کشمیر عالمی طاقتوں اور پاکستان کی فوجی اسٹیبلشمنٹ کے لیے موزوں تھا۔ پاکستان میں کوئی سیاسی قیادت نہیں تھی۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے امریکہ کے شیڈو وزیر خارجہ ایڈلائی سٹیونسن نے عبداللہ کو نہرو کو ’کچھ دکھانے‘ کے لیے تیار کیا۔ وہ اس مغربی چال کا شکار ہو گیا۔ اس نے اقتدار کھو دیا اور کشمیر پراسراریت کے مرحلے میں داخل ہوا۔
کشمیر کی تخلیق نو کی سیاست کے لیے یہ ایک بہت بڑا المیہ تھا۔ عبداللہ کی قید نے ا فسانوی جہت اختیار کی۔ اس کا بیانیہ مبہم طور پر مذہبی گفتگو پیدا کرتا تھا۔ جماعت اسلامی کو پہلی بار اپنی جڑیں مضبوط بنانے کی اجازت دی گئی۔ کانگریس کی خاموش حمایت کے ساتھ، مرکز نے اسے عبداللہ کوکمزور کرنے کی ایک چال سمجھا۔ نیا کشمیر دستاویز اپنا ساکھ کھو بیٹھی۔
نئی مذہبی گفتگو مساجد سے نکل کر تعلیمی اداروں میں جانے لگی۔ قومیت کی مزید تذلیل کی گئی۔ سرد جنگ کی بحث اپنے عروج پر تھی۔امریکہ اور مغربی اتحادیوں کو سوویت یونین سے لڑنے کے لیے سیاسی اسلام کی ضرورت تھی۔ یہ گفتگو بٹہ اور مسلمان کے دو عالمی نظریات کی بائنری بنانے کے لیے چلائی گئی۔ بٹوں کو حقیر سمجھا جاتا تھا۔ داخلوں اور تقرریوں میں نئی عددی پالیسی کے ساتھ ان کے ادارہ جاتی میرٹ کی کوئی اہمیت نہیں تھی۔ بٹوں کو تناسب سے زیادہ پسماندہ کردیا گیا تھا۔
اس مذہبی خرافات میں، عرب دنیا اور ایران کی طرف سے، اپنے برانڈ اسلام کے فروغ کے لیے، آسانی سے اس متمول طبقے میں قبولیت مل گئی، جس نے سیب، جنگل، سیاحت اور ترقی کی سرکاری سرپرستی ایجنسیوں سے فائدہ اٹھایا تھا۔
آزاد کشمیر ریڈیو کے ذریعے پاکستانی پروپیگنڈا نے مقامی ثقافت کو مزید پارہ پارہ کر د یا۔ بنگلہ دیش کے وجود میں آنے کے بعد جب تظہیری عمل شروع ہوا تو ایک نسل کا ذہن پہلے ہی سیاسی اسلام پر بنیاد پرست ہوچکا تھا۔ 1975 میں دوبارہ اقتدار میں آنے والے عبداللہ کئی دہائیوں کے نقصان کو پورا نہیں کر سکے۔ اس کا دوبارہ اقتدار حاصل کرنا کئی وجوہات کی بنیاد پر نتیجہ خیز ثابت نہ ہوا بلکہ اس کا الٹا ہی اثر پڑا۔
بدلا ہوا بین الاقوامی منظرنامہ، سوویت یونین کے ٹوٹنے کے ساتھ ہی پاکستان نے اپنی شکست اور قائد کی شرمندگی کا بدلہ لینے کے لیے ایک موقعہ دیکھا۔ انہوں نے منصوبہ بندی کے ساتھ 1990 کی دہائی میں وادی میں جہاد کے ساتھ شریک ہو کر دخل اندازی کی۔ ایجنڈا یہ تھا کہ مقامی بنیاد کو توڑا جائے اور اس کی تاریخ کو مکمل طور پر مٹا دیا جائے اور اگر ممکن ہو تو کشمیر کاالحاق اپنے ساتھ کیا جائے۔
گرینڈ عبداللہ بربادی کو بچانے اور ہوا کا رخ بدلنے کے لیے موجودنہیںتھے،انتقال کر گئے تھے۔ بچوں کو مسلح تربیت کے لیے سرحد پار جانے سے روکنے کے لیے کوئی دیوار یا خواہش نہیں تھی۔ یہ اتنی تیزی سے ہوا؛ غیر مقامی کمانڈروں کے ساتھ تربیت یافتہ عسکریت پسندی نے کشمیر کو ناقابل تلافی حد تک بدل دیا۔
بٹاز (کشمیری ہندو) پہلے نشانہ بنے اور پھر مسلمان، جو خامو ش تھے مگر اس سے خوش نہیں تھے۔ اس نے موت کا ایک بے لگام رقص، خروج، اور ثقافتی سرمائے کا خاتمہ اور بہت بڑی مایوسی پیدا کی۔ المیہ یہ ہے کہ بندوق ایک معمول کے کاروبار کی طرح کشمیر میں رہنے کے لیے آ گئی ہے۔
1990 سے، جہلم میں بہت زیادہ پانی بہہ چکا ہے۔ اب بھی ایسے مسائل موجود ہیں جن کے لیے مقامی سیاست دان کی ضرورت ہے، لیکن ابھی تک کچھ نظر نہیں آیا۔ کیا ہمیں احساس ہے کہ پاکستان سے زیادہ مسلمان ہندوستان میں رہتے ہیں؟ اس سے انکارکرنا نادانی ہے۔ اگر ہم کشمیر کو ایک الگ نسلی شناخت کے طور پر دیکھتے ہیں، پھر بھی، اس کے اہم حصہ دار، بٹاز(کشمیری ہندو) کو باہر نکال دیا جاتا ہے۔
بین الاقوامی سیاسی اصولوں میںبکھری ہوئی آواز کی کوئی حثیت نہیں ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ دو ٹوٹی ہوئی برادریوں کے درمیان مفاہمت کی جائے پھر بھارت اور پاکستان کے درمیان امن کے لیے مذاکرات ہوں۔
کشمیر میں واپسی کے لیے امن اور شان رفتہ کی بحالی کے لیے اس کی قدیم روایتوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے جس میں ہندوستانی تکثیریت کی بہترین روایات کو تقویت دینے کی صلاحیت ہے، جہاں آزادی، وقار اور سلامتی یقینی اور گھل مل جاتی ہے۔
اشوک کول بنارس ہندو یونیورسٹی میں ایمریٹس پروفیسر ہیں۔
اس مضمون میں بیان کردہ خیالات اور آراء مصنف کی ذاتی رائے ہیں۔