چٹان ویب مانیٹرینگ
ہالی وڈ کے مشہور اداکار ٹام کروز نے لاس ویگاس میں سنیما کان میں ’ٹاپ گن: ماورک‘ کی دنیا کی پہلی سکریننگ کی نقاب کشائی کی جس کا طویل عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق “ٹاپ گن: ماورک بلاک بسٹر فلم ’ٹاپ گن‘ کا سیکوئل ہے جو تقریباً تین دہائیوں بعد ماورک اور اس کے فائٹر پائلٹ دوستوں کی کہانی کو سامنے لایا ہے۔
اس سیکوئل کی سکریننگ 2020 میں ہونا تھی لیکن کووڈ19 کی وبا کی وجہ سے ہر بار تاخیر کا شکار ہوئی۔
ٹام کروز جو خطرناک اسٹنٹ کرنے میں اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں، نے فلم تھیٹر انڈسٹری کنونشن میں سکریننگ کو ریکارڈ کیے گئے ایک ویڈیو پیغام کے ساتھ متعارف کرایا۔
اس پیغام میں ٹام کروز ہوائی جہاز کے انجن اور تیز ہواؤں کے شور میں چلّاتے ہوئے سب کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’کاش میں وہاں آپ کے ساتھ ہوتا۔ شور کے لیے معذرت خواہ ہوں۔ جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں، ہم مشن ایمپاسیبل کی تازہ ترین قسط کی عکسبندی کر رہے ہیں۔‘
پروڈیوسر جیری بروکھائمر نے سنیما کان ایونٹ میں ازراہ مذاق کہا کہ ’ٹام ہر وقت پوری رفتار سے ہر کام کرتے ہیں اور آپ انہیں نہیں روک سکتے۔ چاہے کچھ بھی ہو وہ یہ کریں گے۔‘
یہ ایک بھرپور ایکشن فلم ہے جسے امریکی بحریہ کے لڑاکا طیاروں پر شوٹ کیا گیا ہے۔
’ٹاپ گن‘ کے ہدایتکار ٹونی سکاٹ کا انتقال 2012 میں ہوا تھا لیکن نئے ڈائریکٹر جوزف کوسنسکی ایک ایسا آئیڈیا لے کر سامنے آئے جس نے اس سیکوئل کو ٹام کے لیے دلچسپ بنا دیا۔
جوزف نے بتایا کہ وہ یوٹیوب پر دستیاب پائلٹوں کی شاندار فوٹیج سے متاثر تھے جو انہوں نے اپنی تربیت کے دوران گو پرو کیمروں سے ریکارڈ کی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’میں نے ٹام کو یہ (فوٹیج) دکھائی اور کہا کہ یہ انٹرنیٹ پر مفت دستیاب ہے۔ اگر ہم اس کو شکست نہیں دے سکتے، تو یہ فلم بنانے کا کوئی فائدہ نہیں ہے تو وہ مان گئے۔‘