ویب ڈیسک
بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ کریتی سینن نے کہا ہے کہ اچھا ہو گا کہ فلم انڈسٹری کے لوگ محض سطحی طور پر ایک دوسرے کی تعریف کرنے کے بجائے ایک دوسرے کو حقیقی طور پر سپورٹ کریں۔
اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق کریتی سینن نے زوم ٹی وی کو ایک انٹرویو میں کہا کہ انہیں شک ہے کہ کیا لوگ واقعی خوش ہوتے ہیں جب کوئی اچھا کام کرتا ہے، لیکن اب چیزیں آہستہ آہستہ بدل رہی ہیں۔
کریتی کی حال ہی میں دو فلمیں ’کریو‘ اور ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ ریلیز ہوئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم متحد ہو کر ایک دوسرے کا ساتھ دینا شروع کر دیں تو ہم کہیں اور ہوں گے۔ تاہم مجھے یہاں اتنا اتحاد نظر نہیں آتا۔ مجھے نہیں معلوم کہ جب کوئی فلم ہٹ ہوتی ک ہے تو کتنے لوگ حقیقی طور پر خوش ہوتے ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ تھوڑا سا بدل رہا ہے۔‘
ایک سوال کے جواب میں کریتی نے کہا کہ کسی بھی فلم کی کامیابی یا ناکامی کا انحصار صرف ایک شخص پر نہیں ہوتا۔’مجھے واقعی تکلیف دہ تبصرے سننے کو ملے ہیں۔ ایک فلم، کامیاب ہو یا نہ ہو، یہ صرف ایک شخص کی کاوش نہیں ہوتی بلکہ یہ ایک پوری ٹیم کا کام ہوتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں ان سب کو نظر انداز کرتی ہوں اور اپنے کام کے ذریعے جواب دیتی ہوں کیونکہ اس کے علاوہ اور کچھ نہیں ہوتا۔‘کریتی سینن کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کا رویہ کھیلوں میں بھی نظر آتا ہے۔’لوگ جلدی سے اس کا الزام لڑکی پر لگا دیتے ہیں، بہت سے معاملات میں، نہ صرف فلموں، یہاں تک کہ کبھی کبھار میچ میں بھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ٹرولز ٹرولز ہوتے ہیں، آپ کو ان پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت نہیں۔کریتی سینن کی نئے آنے والی فلم ’دو پتی‘ ہے جس میں وہ اداکارہ کاجل کے ساتھ نظر آئیں گی۔