ویب ڈیسک
انڈین شخص کی محبت میں پاکستان چھوڑ کر جانے والی خاتون سیما حیدر کے حوالے سے ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں ان کے چہرے کو زخمی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ویڈیو میں ظاہر ہے کہ ان کی آنکھ سوجی ہوئی ہے اور ہونٹ بھی زخمی ہے جس کے بعد یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ سیما حیدر پر ان کے انڈین شوہر سچن مینا نے تشدد کیا ہے۔
کراچی کی رہائشی سیما حیدر انڈین لڑکے کی محبت میں ان کے ساتھ براستہ نیپال انڈیا کے شہر دہلی کے نواحی علاقے پہنچ گئی تھیں۔
سیما حیدر نے ذرائع ابلاغ کو بتایا تھا کہ ان کی انڈین شہری سچن مینا سے آن لائن گیم پب جی کے ذریعے دوستی ہوئی تھی جس کے بعد دونوں واٹس ایپ پر بھی رابطے میں رہے۔
ان دونوں کے درمیان دوستی اتنی گہری ہو گئی کہ سیما حیدر اپنے چار بچوں کو لے کر انڈیا پہنچ گئیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فورم ایکس پر چلنے والی ویڈیو کو سیما حیدر کے وکیل اے پی سنگھ نے فیک قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال کرتے ہوئے سیما حیدر کی ویڈیو بنائی گئی ہے اور پاکستانی یوٹیوبرز نے سوشل میڈیا پر ڈالی۔
پولیس نے بھی ویڈیو کی تحقیقات کے بعد اسے ’فیک‘ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ سیما حیدر کو گھریلو تشدد کا نشانہ نہیں بنایا گیا۔سیما حیدر نے وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا وہ بالکل محفوظ ہیں اور شوہر کے ساتھ کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ ’میرے شوہر سچن اور میرے درمیان سب کچھ بالکل ٹھیک ہے۔ ہماری پوری فیملی پر امن طریقے سے خوشی خوشی رہ رہی ہے۔ میں انڈیا میں ہوں۔ میں اترپردیش میں ہوں اور یہاں کے وزیراعلیٰ یوگی ادتیہ خواتین کے خلاف کبھی بھی کسی قسم کے ظلم کی اجازت نہیں دیں گے۔