ویب ڈیسک
کہا جاتا ہے کہ ایک سیب روزانہ کھانے کی عادت ڈاکٹر کو دور رکھتی ہے جس کو طبی سائنس کافی حد تک درست بھی مانتی ہے۔حالیہ تحقیقی رپورٹس میں سیب کو دیگر غذاؤں کے ساتھ ملانے یا دن کے مخصوص اوقات میں کھانے کے فوائد بھی سامنے آئے ہیں۔ان سے واقفیت حاصل کرکے سیب کے زیادہ سے زیادہ طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
سیب اور ٹماٹر
روزانہ ایک سیب یا ٹماٹر کا استعمال بڑھاپے کے اثرات کو روکنے میں مددگار ہو سکتا ہے۔
ایک تحقیق میں سیب کے چھلکوں اور سبز ٹماٹروں میں ایک ایسا کیمیکل دریافت کیا گیا ہے جو عمر بڑھنے کے ساتھ پٹھوں میں آنے والی تنزلی کی روک تھام کا کام کرتا ہے۔تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ ایک پروٹین اے ٹی ایف 4 پٹھوں یا مسلز میں کمزوری آنے لگتی ہے جس کی وجہ جینز میں آنے والی تبدیلی ہوتی ہے۔
دو ماہ تک سیب یا سبز ٹماٹر کا استعمال اس کی روک تھام کرتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ ان دونوں چیزوں میں پائے جانے والا قدرتی عنصر عمر بڑھنے سے مرتب ہونے والے اثرات کی روک تھام کرتا ہے۔
سیب اور کیلے
روزانہ ایک سیب یا کیلا کھانا ہارٹ اٹیک یا فالج سے موت کا خطرہ نمایاں حد تک کم کر دیتا ہے۔ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ روزانہ ایک کیلا یا ایک سیب خون کی شریانوں کی پیچیدگیوں سے لاحق ہونے والے امراض سے موت کا خطرہ ایک تہائی حد تک کم کر دیتا ہے۔
تاہم تحقیق میں کہا گیا ہے کہ یہ پھل تازہ ہونے چاہئے کیونکہ پراسیس شدہ پھل میں سے بیشتر طبی فوائد ختم ہو جاتے ہیں۔
ایک سیب روز ضرور کھائیں
ایک سیب روزانہ فالج کی روک تھام کرتا ہے،ایک ڈچ تحقیق کے دوران دس برسوں تک بیس ہزار سے زائد افراد میں پھلوں اور سبزیوں کے استعمال کا جائزہ لیا گیا،نتائج سے معلوم ہوا کہ سرخ سیب کھانے کی عادت رکھنے والوں میں فالج کا خطرہ نو فیصد تک کم ہو جاتا ہے جبکہ دیگر رنگوں والے پھلوں سے یہ فائدہ نہیں ہوتا۔تازہ سیب میں 84 فیصد پانی ہوتا ہے۔سیب میں فاسفورس تمام پھلوں اور سبزیوں سے زیادہ پایا جاتا ہے۔سیب کا چھلکا ضائع نہیں کرنا چاہیے۔سیب گردوں کی صفائی کے لئے بھی بہترین ٹانک ہے۔سیب میں موجود فائبر کی اعلیٰ مقدار پتھری کی روک تھام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔جنک فوڈ اور کولڈرنک کے ذریعے ہمارا جگر متاثر ہو رہا ہے۔سیب جگر کو زہریلے مادوں سے پاک رکھنے کا سب سے آسان طریقہ ہے۔
سیب صحت مند دل کے لئے
ایک تحقیق کے مطابق جسم سے سیب کا ایک اعلیٰ فائبر کا تعلق ہے۔اعلیٰ فائبر کا زیادہ استعمال کولیسٹرول کو کم کرتا ہے دل کی شریانوں کی بیماری میں مبتلا ہونے سے روکتا ہے۔سیب میں فینولک کمپاؤنڈ پایا جاتا ہے۔جو کولیسٹرول کو بڑھنے سے روکتا ہے۔ایک تحقیق کے مطابق اگر پچاس سال سے زیادہ عمر کے افراد روزانہ ایک سیب کھائیں تو ہر سال امراض قلب سے مرنے والے 8500 افراد کو بچایا جا سکتا ہے۔
وزن میں کمی
ہماری بہت سی بیماریاں موٹاپے کی وجہ سے ہوتی ہیں۔جن میں اسٹروک،دل کی شریانوں کی بیماری،اور سوتے وقت میں سانس لینے میں مشکل۔بڑھتے وزن کو کنٹرول کرنے کے لئے سائنس دانوں نے فائبر کی مقدار کو کافی اہمیت دی ہے۔سیب فائبر سے لبالب بھرے ہوئے ہوتے ہیں۔وہ بغیر کیلوریز کے فائبر مہیا کرتے ہیں۔
سبز چائے اور سیب
تحقیق کے مطابق سیب اور گرین ٹی میں ایسے قدرتی کیمیکلز موجود ہوتے ہیں جو جسم کو سنگین طبی مسائل جیسے امراض قلب اور کینسر وغیرہ سے تحفظ دیتے ہیں۔جب ان دونوں کو اکٹھے استعمال کیا جاتا ہے تو ان میں موجود قدرتی اینٹی آکسائیڈنٹس وی ای جی ایف نامی مالیکیول کو بلاک کرتے ہیں جو خون کی شریانوں میں چربی کو جمع نہ ہونے دینے والے عمل کو بڑھاتا ہے،خیال رہے کہ شریانوں میں چربی جمنے سے دل کے دورے یا فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ یہ دونوں غذائیں خون میں نائٹرک آکسائیڈ کی مقدار بھی بڑھا دیتی ہیں جس سے شریانوں کو پھیلنے میں مدد ملتی ہے۔
دماغی کمزوری
طبی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ دماغی کمزوری اور زکام میں سیب کا استعمال مفید ہوتا ہے۔طالب علموں کو اکثر امتحانوں میں نزلہ زکام کی شکایت ہو جاتی ہے۔یہاں دماغی کمزوری میں مفید ایک غذائی نسخہ دیا جا رہا ہے۔کھانا کھانے سے دس منٹ پہلے ایک یا دو سیب اچھی کوالٹی کے چھیل کر کھانے سے چند روز میں دماغی کمزوری کی شکایت دور ہو جاتی ہے۔
کھانسی
ایک پکا ہوا سیب کوٹ لیں یا اس کا رس نکال لیں۔کوٹے ہوئے سیب کا رس نکال کر مصری ملائیں اور صبح ناشتے سے پہلے مریض کو پلائیں یہ کھانسی کے لئے مفید ہے۔
قے کا علاج
کچے سیب کا جوس نکال لیں یا کوٹ کو نچوڑ لیں۔اس میں نمک ملا کر پلانے سے قے میں آرام آتا ہے۔
پیٹ کے کیڑے
رات کے وقت بچوں کو دو سیب کھلائیں۔
اس کے بعد پانی بالکل نہ پلائیں۔چند روز ایسا کرنے سے پیٹ کے کیڑے نکل جاتے ہیں۔
قابل رشک صحت
صبح خالی پیٹ تین چار سیب کھا کر دودھ پئیں۔ایک دو ماہ میں صحت بہت اچھی ہو جائے گی۔
بھوک نہ لگنا
تازہ سیب کے جوس میں چٹکی بھر سیاہ مرچ سفید زیرہ اور نمک ملا کر پینے سے بھوک میں اضافہ اور معدہ طاقتور ہوتا ہے اور غذا جزو بدن بننے لگتی ہے۔
مربہ سیب
پانچ سے چھ موٹے سیب لے کر ان کے اندر سے بیج نکال دیں۔چاقو سے نکال کر پانی میں ہلکا سا جوش دیں۔نیم پختہ ہونے پر چینی کی چاشنی ڈال کر تھوڑی دیر کے لئے آگ پر پکائیں۔قوام گاڑھا ہونے پر آگ سے اتار کر شیشے کی بوتل یا جار میں محفوظ کر لیں۔بطور ناشتہ سنہری ورق میں لپیٹ کر استعمال کرنا مقوی،قلب و دماغ ہے۔
