سری نگر،26 مارچ (یو این آئی) وادی کشمیر میں خشک و خوشگوارموسم کے بیچ بعض مقامات پر شبانہ درجہ حرارت میں گراؤٹ درج کی گئی۔
ادھرمحکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں ماہ رواں کے اختتام تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
متعقلہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام کو چھوڑ کر باقی جگہوں پر شبانہ درجہ حرارت میں قدرے گراؤٹ درج ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ گلمرگ میں رواں موسم کے مطابق درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ درج ہونا چاہئے تھا جو معمول سے 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حررات 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارد کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
دریں اثنا وادی میں ہفتے کو صبح سے ہی موسم خشک و خوشگوار رہا اور وادی کے سیاحتی مقامات بالخصوص جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ جس کوحال ہی میں لوگوں کے کھول دیا گیا، میں مسلسل سیلانیوں کا بے تحاشا رش دیکھا جا رہا ہے۔
وادی کشمیر میں پیڑ پودوں پر شگوفے برجستہ پھوٹ گئے ہیں جو یہاں کے حسن و جمال میں مزید چار چاند لگا دیتے ہیں۔