سری نگر،06 مئی:
شمالی کشمیر کے فیروز پورہ ٹنگمرگ اورسیاحتی مقام گلمرگ میں جمعے کے روز طوفانی بارشوں اور تیز ہواوں کے بیچ شدید ژالہ بھاری ہوئی جس وجہ سے کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو نقصان پہنچا ہے۔
ژالہ بھاری کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ چند منٹوں کے اندرا ندر ہی پورے فیروز پورہ ٹنگمرگ علاقے میں سفید پرت بچھ گئی اور ایسا لگ رہا تھا کہ برفباری ہوئی ہے۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ جمعے بعد دوپہر شمالی کشمیر کے فیروز پورہ ٹنگمرگ علاقے میں موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی طوفانی آندھی کے بیچ ژالہ بھاری شروع ہوئی جو پانچ منٹ تک جاری رہی جس وجہ سے کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ژالہ بھاری سے دھان کی فصلوں، میوہ باغات اور سبزی باغوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ ژالہ بھاری سے میوہ جات بشمول سیب، ناشپاتی، خوبانی، اخروٹ وغیرہ کے باغوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔
ٹنگمرگ کے دیگر علاقوں میں بھی ژالہ بھاری ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہے۔
دریں اثنا معروف سیاحتی مقام گلمرگ میں بھی ژالہ بھاری ہوئی جس وجہ سے وہاں پر موجود سیلانیوں میں افرا تفری کا ماحول پھیل گیا۔
علاوہ ازیں جنوبی ضلع پلوامہ کے نیوا اور قاضی گنڈ کے اوپری علاقوں میں بھی جمعے کے روز ژالہ بھاری ہونے سے لوگوں میں فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی۔
بتادیں کہ پچھلے کئی دنوں سے وادی کشمیر میں بعد دوپہر موسم اچانک کروٹ لیتا ہے جس کے ساتھ ہی موسلا دھار بارشیں اور ژالہ بھاری کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ (یو این آئی)