سرینگر،01اگست:
رشوت خور ملازمین اور افسران کے خلاف مہم میں تیزی لاتے ہوئے اینٹی کورپشن بیور و نے بارہمولہ میں محکمہ دیہی ترقی کے افسر کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ۔
اطلاعات کے مطابق رشوت ستانی اور بدعنوانیوں کے خلاف اینٹی کورپشن بیورو متحرک ہو گئی ہے اور رشوت خوری میںملوث افسران کے خلاف کارروائی تیز کر دی گئی ہے ۔ اس سلسلے کی تازہ کڑی کے تحت اینٹی کورپشن بیورو نے شمالی ضلع بارہمولہ میں محکمہ دیہی ترقی کے افسر کو ٹھیکہ دار سے چار ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے دبوچ لیا ۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ محکمہ کا ایک اے ای ای ٹھیکہ دار سے کسی کام کو لیکر رشوت طلب کر رہاتھا جس دوران انہوں نے ٹھیکہ دار نے مذکورہ افسر کے خلاف اینٹی کورپشن بیور و میں ایک شکایت درج کی جس پر کارورائی کرتے ہوئے اے سی بی نے مذکورہ افسر کو چار ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ۔ اس موقعہ پر اے سی بی کی ٹیم نے گواہو ں کی موجودگی میں رشوت کی رقم بھی وصول کر لی جبکہ محکمہ دیہی ترقی کے افسر کو گرفتار کرکے کیس کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہے ۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی بارہمولہ ضلع کے کئی مقامات پر اے سی بی نے کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے کئی افسران کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ۔