سری نگر:جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے آج اپنے دورہ راجوری کے دوسرے دن بابا غلام شاہ بادشاہ (رح)کے مزار کمپلیکس میں انعام کانفرنس کی صدارت کی اور خطاب کیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر اندرابی نے کئی عوامی وفود سے ملاقات کی اور مقامی لوگوںسے بات کی جس میں پہاڑی کمیونٹی اور گجر اینڈ بکروال ویلفیئر فورم کا ایک وفد بھی شامل تھا۔ ڈاکٹر اندرابی نے شاہدرہ شریف کے مشہور صوفی مزار پر وقف بورڈ کے سمارٹ مشینی اقدام کو متعارف کرانے کی قیادت کی۔
امام کانفرنس میں ضلع کے ممتاز اماموں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر اندرابی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل میں صوفی تعلیم کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں ائمہ کرام کا کردار بہت اہم ہے۔ ‘مذہبی مبلغین پر معاشرے میں امن، جامعیت اور اخلاقیات کا پرچار کرنے کی اضافی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو تفرقہ انگیز خیالات، منشیات کے استعمال، تشدد اور نفرت کی چالوں کے بارے میں بار بار آگاہ کرنا ہوگا اور ہمارے علمائے کرام اور مذہبی مبلغین کو اس تناظر میں قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا، کانفرنس کے اختتام پر ڈاکٹر اندرابی کے ساتھ وقف بورڈ کے عہدیداران اور ایڈمنسٹریٹر بھی موجود تھے۔
