سری نگر،18 اپریل :
معاشرے سے منشیات کی بدعت کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے اپنی کاوشوں کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی ضلع کپوارہ میں چار منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کی سرگرمیوں کے بارے میں اطلاع موصول ہونے پر کپوارہ پولیس نے ایس ایچ او رفیق لون کی سربراہی میں رگی پورہ کراسنگ پر ناکہ لگا دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران چار منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جن کی شناخت رئیس احمد شاہ عرف رئیس کاچرو ولد غلام مصطفیٰ ساکن اندر ہامہ درگمولہ، محمد ایوب خان ولد حبیب اللہ خان ساکن وترخانی درگمولہ، مطیع الرحمان ولد مجیب الرحمان ساکن نہام باغ مغربی بنگال حال کپوارہ اور شفیق الرحمان ولد عطاواللہ رحمان ساکن مالدہ مغربی بنگال حال کپوارہ کے بطور ہوئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ گرفتاری کے وقت چاروں منشیات فروش مشکوک حالات میں گھوم رہے تھے اور وہ پولیس سے بچنے کی کوشش کر رہے تھے۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے براؤن شوگر جیسا نشہ آور مواد بر آمد کیا گیا۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ ابتدائی پوچھ تاچھ کے دوران گرفتار شدگان نے انکشاف کیا کہ کچھ نشے کے عادی افراد ان کے رابطے میں تھے اور وہ یہ نشہ آور مواد ان ہی کو دینے کے لئے جارہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس ضمن میں پولیس اسٹیشن کپوارہ میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں اور اس سلسلے میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
پولیس نے عوام سے منشیات کی بدعت کے قلع قمع کو یقینی بنانے کے لئے بھر پور تعاون فراہم کرنے کی اپیل دہرائی ہے۔(یو این آئی)