سری نگر، 29 اپریل :
مرکزی شہری وزارت ہوا بازی نے گو فرسٹ ائیر لائنز کو سری نگر سے شارجاہ کے درمیان ہفتے میں پانچ بار پروازیں چلانے کو منظوری دی ہے۔یہ پیش رفت سری نگر اور شارجاہ کے درمیان راست پروازوں کا سلسلہ بند ہونے کے کئی مہینوں کے بعد ہوئی ہے۔
بتادیں کہ سری نگر اور شارجاہ کے درمیان آخری پرواز رواں برس کے ماہ جنوری کے آخر میں چلی تھی اور اس کے بعد یہ سسلسلہ معطل ہوا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ سری نگر سے شارجہ کے درمیان راست پروازوں کا سلسلہ اگلے ایک ماہ کے دوران بحال ہونے کی توقع ہے۔
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعے کے روز اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزارت شہری ہوا بازی نے سری نگر سے شارجاہ کے درمیان ہفتے میں پانچ پروازوں کو آپریٹ کرنے کو منظوری دی ہے۔
انہوں نے ٹویٹ میں کہا: ’میں اس کے لئے عزت مآب وزیر اعظم شری نریندر مودی کا بے حد مشکور ہوں‘۔
ان کا اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہنا تھا: ’یونین ٹریٹری انتظامیہ، حکومت ہند (وزارت ہوا بازی) اور عزت مآب وزیر شری جے ایم سندھیا سیاحت اور صنعت کے شعبوں کے فروغ کے لئے ہوائی رابطے کو مضبوط بنانے کے تئیں ترجیحی بنیادوں پر ضروری اقدام کر رہے ہیں‘۔
بتادیں کہ مرکزی حکومت نے سال گذشتہ کے ماہ اکتوبر میں سری نگر سے شارجاہ کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کی تھیں۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سال گذشتہ کے 23 اکتوبر کو اس شارجاہ فلائٹ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا۔
بتایا جاتا تھا کہ اس سروس سے جموں وکشمیر میں شعبہ سیاحت کو کافی فروغ ملے گا۔
لیکن یہ سروس اس وقت مشکلات کا شکار ہوئی تھی جب پاکستان نے یہ دس روز بعد ہی اپنے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پاکستان کے اس فیصلے پر افسوس ظاہر کیا تھا۔(یو این آئی)