سری نگر،6 مئی :
پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک جنگجو کو ایک جنگجو اعانت کار سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بارہمولہ پولیس، فوج کی 46 آر آر، سی آر پی ایف کی 53 بٹالین اور ایس ایس بی کی دو بٹالین کی ایک مشترکہ ٹیم نے بارہمولہ میں ہل ٹاپ چھردری میں حسب معمول ناکہ لگا دیا۔
انہوں نے کہا کہ چیکنگ کے دوران سیکورٹی فورسز نے دو افراد کو مشکوک حالت میں ان کی طرف آتے ہوئے دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز کو دیکھتے ہی ان دو افراد نے جائے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن سیکورٹی فورسز نے مستعدی کا مظاہرہ کرکے دونوں کو دھر لیا۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ پوچھ گچھ کے دوران گرفتار شدگان نے اپنی شناخت عاشق حسین لون ولد غلام نبی لون ساکن حیدر محلہ بارہمولہ اور عزیر امین گنائی ولد محمد امین گنائی ساکن کنتھ باغ بارہمولہ کے طور پر ظاہر کی۔
بیان کے مطابق تلاشی کے دوران عاشق حسین کی تحویل سے ایک پستول، ایک پستول میگزین، نو ایم ایم پستول کی آٹھ گولیاں، دو ایچ ای 36 گرینیڈ جبکہ عزیر امین کی تحویل سے دو یو بی جی ایل گرینیڈ بر آمد کئے گئے۔
پولیس ترجمان نے بیان میں کہا کہ گرفتار شدہ جنگجوؤں نے یہ ہتھیار بارہمولہ اور متصل علاقوں میں جنگجویانہ کارروائیاں انجام دینے کے لئے غیر قانونی طور پر حاصل کئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس ضمن میں بارہمولہ پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔(یو این آئی)