نئی دہلی، 21 مارچ :
حکومت نے آج کہا کہ کووڈ کی وجہ سے لگائی گئی پابندیوں کی وجہ سے سال 2020 اور 2021 میں مسلح افواج میں بھرتی کا عمل متاثر ہوا ہے۔
وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ نے پیر کو راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں کووڈ کی پابندیوں کی وجہ سے بھرتی ریلیوں کا انعقاد متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی ایک بڑی تعداد بھرتی ریلیوں میں حصہ لیتی ہے اس لیے کوویڈ کی وجہ سے پچھلے سالوں کی طرح ان کا انعقاد نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ایئر فورس اور نیوی میں آن لائن بھرتی کا عمل جاری ہے اور بڑی تعداد میں افسران کو بھرتی کیا گیا ہے۔
جب ان سے مسلح افواج میں خواتین کے جنگی کردار کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ کہیں بھی کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور جہاں کچھ سوالات ہیں ان کے بارے میں غورکیاجارہاہے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھرتی کے معاملے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال فورسز کی طرف سے 90 سے 100 بھرتی ریلیوں کا نظم کیا جاتا ہے ۔ اس میں اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ ملک کا کوئی بھی ضلع اس سے اچھوت نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مسلسل عمل ہے اور ایک ریلی میں کم از کم 6 سے 8 اضلاع کا احاطہ کیا جاتا ہے۔
جب مسلح افواج میں درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے افسران کے اعداد و شمار کے بارے میں پوچھا گیا تو مسٹر بھٹ نے کہا کہ ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔یو این آئی