چٹان ویب مانیٹرینگ
2021 میں مس یونیورس کا اعزاز حاصل کرنے والی انڈیا کی ہرناز کور سندھو کو حال ہی میں وزن کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔مس یونیورس نے گزشتہ دنوں اپنی کامیابیوں، کرناٹک میں حجاب پر پابندی اور بڑھتے وزن جیسے مسائل پر بات کی۔انڈیا ٹوڈے کے ساتھ بات کرتے ہوئے ہرناز کور سندھو نے بڑھتے وزن پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’خود پر تنقید کو نظر انداز کرنے کے لیے کافی مضبوط ہوں تاہم ایسے لوگ ہمارے اردگرد موجود ہیں جو حساس طبیعت کے مالک ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کسی کو مجھ سے ہمدردی جتانے کی ضرورت نہیں۔‘مس یونیورس نے کہا کہ ’ایسے بہت سارے لوگ موجود ہیں جو ان چیزوں کے بارے میں حساس ہیں اور وہ تنگ آ جاتے ہیں۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ مس یونیورس ہیں یا نہیں۔ ہمیں سب کا احترام کرنا چاہیے۔‘
ہرناز کور سندھو نے کہا کہ ’کسی دوسرے شخص کا نقطہ نظر تبدیل کرنا مشکل ہو سکتا ہے لیکن اگر آپ پُراعتماد ہیں اور آپ کو خود پر یقین ہیں تو کوئی آپ کو روک نہیں سکتا۔‘حجاب کے مسئلے پر ہرناز کور سندھو نے حمایت میں بیان دیا تھا اور کہا تھا کہ ’لڑکیوں کو جینے دیں جیسا وہ چاہتی ہیں۔‘لڑکیوں سے متعلق رویوں کا ذکر کرتے ہوئے ہرناز کور نے کہا تھا کہ ’اس کو اپنے مقام تک پہنچے دو، اڑنے دو۔ وہ اس کے پر ہیں انہیں مت کاٹو، کاٹنا ہے تو اپنے آپ کو کاٹو۔‘
حال ہی میں ایک تقریب کے دوران ہرناز کور سندھو نے نظام ہاضمہ کو متاثر کرنے والی بیماری ’سیلیک‘ کا انکشاف کیا تھا۔ماہرین کے مطابق اس بیماری کی وجہ سے وزن بڑھ اور گھٹ سکتا ہے جبکہ طویل عرصے تک نظام انہضام کے مسائل کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔ہرناز کور سندھو دسمبر 2021 میں مس یونیورس منتخب ہوئی تھیں۔