نئی دہلی، 22 مارچ :
وزیر اعظم نریندر مودی نے پانی کے عالمی دن کے موقع پر پانی کی ہر ایک بوند کو بچانے کےعزم کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پانی کے تحفظ کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
مسٹرمودی منگل کو پانی کے عالمی دن پرسلسلے وار ٹویٹس کرتے ہوئے کہا، ’’پانی کے عالمی دن پرہم پانی کی ہر بوند کو بچانے کے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔ ہمارا ملک پانی کے تحفظ اور شہریوں تک پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے جل جیون مشن جیسے بہت سے اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران پانی کے تحفظ نے ایک عوامی تحریک کی شکل اختیار کر لی ہے اور اس کے تحت ملک بھر میں نئے نئے طریقے سے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ایک اور ٹویٹ میں، انہوں نے کہا، “ماؤں اور بہنوں کی زندگی کو آسان بنانے میں جل جیون مشن انتہائی کارگر ثابت ہو رہا ہے۔ عوام کی شرکت سے گھر گھر نلکے سے پانی فراہم کرنے کا عزم پورا ہو گا۔
انہوں نے پانی کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ہر فرد اور ادارے کو بھی سراہا۔
وزیر اعظم نے پانی کے تحفظ کو بڑھاتے ہوئے کرہ ارض پر زندگی کو پائیدار بنانے میں تعاون دینے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا ہر قطرہ ہمارے لوگوں کی مدد کرتا ہے اور ترقی کو تیز کرنے کے لیے کام کرتا ہے۔یو این آئی