سری نگر،23 جون :
شہرہ آفاق جھیل ڈل میں جمعرات کی صبح ایک ہاؤس بوٹ کے الٹنے سے سات سیاح اور دو کنبوں کے افراد خانہ معجزاتی طور پر بچ گئے۔ذرائع نے بتایا کہ جھیل ڈل میں جمعرات کی صبح ’کولہائی‘ نامی ہاؤس بوٹ ڈوب گئی۔انہوں نے کہا کہ جب یہ ہاؤس بوٹ ڈوب رہی تھی اس وقت اس ہاؤس بوٹ میں سات سیاح اور دو کنبوں کے افراد خانہ موجود تھے۔
ہاؤس بوٹ کے مالک نے بتایا کہ ہم نے پہلے سات سیاحوں کو بحفاظت باہر نکالا اور ان کو محفوظ مقام پر پہنچایا اور اس کے بعد دیگر اہلخانہ کو باہر نکالا۔انہوں نے کہا کہ میری ہاؤس بوٹ پرانی ہے جس کی مرمت کے لئے متعلقہ حکام سے اجازت طلب کی تھی لیکن میری درخواست پر کان نہیں دھرا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر حکام نے انہیں اس کی مرمت کی اجازت دی ہوتی تو آج یہ واقعہ پیش نہیں آتا۔موصوف نے کہا کہ ہم آج بے گھر ہوگئے ہیں کیونکہ ہماری ہاؤس بوٹ کو کافی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے حکام سے اس کی مرمت کرنے کے لئے اجازت اور نقصان کا معاوضہ دینے کی اپیل کی۔