حیدرآباد: لوک سبھا انتخابات 2024 کے تیسرے مرحلے کے تحت آج 10 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں دادرا اور نگر حویلی اور دمن اور دیو میں پھیلے ہوئے 93 لوک سبھا سیٹوں کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔ اس مرحلے میں کل 1331 امیدوار میدان میں ہیں۔
انتخابات کے تیسرے مرحلے میں وزیر داخلہ امیت شاہ، جیوتیرادتیہ سندھیا، شیوراج سنگھ چوہان، دگ وجے سنگھ، ڈمپل یادو، سپریا سولے سمیت کئی بڑے لیڈروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔
123 خواتین امیدوار میدان میں ہیں
اے ڈی آر کی رپورٹ کے مطابق تیسرے مرحلے میں 244 امیدوار داغدار ہیں۔ ان میں سے 172 کے خلاف سنگین جرائم کے مقدمات درج ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 392 امیدواروں کے اثاثے ایک کروڑ روپے سے زیادہ ہیں۔ اس مرحلے میں 123 خواتین امیدوار بھی میدان میں ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اسی تیسرے مرحلے میں گجرات کے سورت سیٹ پر بھی الیکشن ہونا تھا لیکن وہاں سے بی جے پی کے امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔ اس کے علاوہ، جموں و کشمیر کے اننت ناگ-راجوری پارلیمانی سیٹ کے لیے بھی اسی مرحلے میں پولنگ ہونی تھی جس کو موخر کر دیا اور اب وہاں 25 مئی کو پولنگ ہوگی۔
واضح رہے کہ اب تک ملک میں لوک سبھا کے پہلے مرحلے میں 21 ریاستوں کی 102 سیٹوں پر 19 اپریل کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ اس کے بعد 26 اپریل کو دوسرے مرحلے میں 88 سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی۔ جس کے بعد آج اب تیسرے مرحلے کی ووٹنگ جاری ہے۔ اس کے بعد چوتھا مرحلہ 13 مئی، پانچواں مرحلہ 20 مئی، چھٹا مرحلہ 25 مئی اور ساتواں مرحلہ یکم جون کو ہوگا۔ ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔