بڈگام/ چیف الیکٹورل آفیسرجموںوکشمیر پانڈورانگ کے پولے نے آج آنے والے لوک سبھا اِنتخابات 2024ء کے لئے ضلع بڈگام میں تیاریوں اور اِنتظامات کا آج جائزہ لیا۔
اُنہوںنے سری نگر پارلیمانی حلقہ اور بارہمولہ پارلیمانی حلقہ کے اِنتخابات کے لئے تمام اِنتخابی اِنتظامات بالترتیب 13 ؍مئی اور 20 ؍مئی کو ہونے والی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔
چیف الیکٹورل آفیسر نے مجموعی اِنتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام علاقوں میں سویپ مہم چلانے اور اِنتخابات میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لئے زمینی سطح کے کارکنوں کے ذریعے لوگوں کو متحرک کرنے پر زور دیا۔
ابتداً، اُنہوں نے ضلع کے مختلف اسمبلی حلقوں میں پی ڈبلیو ڈی، پنک، گرین، یوتھ اور منفرد پولنگ سٹیشنوں کی کی سہولیات کا جائزہ لیا۔
چیف الیکٹورل آفیسر نے پولنگ عملے کی فلاح و بہبود اور تعیناتی، ہوم ووٹنگ کے اِنتظامات اور اَخراجات کی نگرانی کے اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ووٹنگ کے ذریعے جمہوری استحکام کے لئے مقامی افراد کی حوصلہ افزائی پر زور دیا۔
اُنہوں نے اِی وِی ایم کے کمیشننگ کی صورتحال، نامزد عملے کی تربیت کا جائزہ لیتے ہوئے، جامع ہینڈ آن ٹریننگ پر زور دیا جس کا مقصد اِنتخابی عملے کو اِی وِی ایم کے آپریشن اورمینٹیننس سے واقف کرنا ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسرنے اے آر اوز سے بھی کہا کہ وہ اِی ایم ایس پر ڈیٹا کی مناسب اَپ لوڈنگ کو یقینی بنائیں۔
اُنہوں نے ووٹر ٹرن آئوٹ کو بڑھانے پر زور دیتے ہوئے الیکشن سے متعلق سرگرمیوں کی وسیع تشہیر کی ہدایت دی جس میں سویپ بیداری کی سرگرمیاں شامل ہیں تاکہ عام لوگوں کو ووٹر ڈالنے کی ترغیب دی جاسکے اور ضلع میں سب سے زیادہ ووٹر ٹرن آئوٹ درج کیا جاسکے ۔
ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر بڈگام اَکشے لابرو نے چیئر کو جانکاری دیتے ہوئے پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے ضلع کی پروفائل اور ضلع میں اِنتخابات کے پُرامن اِنعقاد کے لئے مجموعی اِنتظامات پیش کئے۔
اُنہوںنے یقین دِلایا کہ ضلع میں آزادانہ ، منصفانہ اور پُر اَمن اِنتخابات کے اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے بغیر کسی رُکاوٹ کے انتظامات کئے گئے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی تمام رہنما خطوط پر ضلع میں عمل درآمد کیا جارہا ہے اور ضلع میں رائے دہندگان کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لئے تمام کوششیں کی گئی ہیں۔
ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے میٹنگ کو ایم سی ایم سی کے کام کاج، ضلع میں ڈبل شفٹ میں تمام میڈیا پلیٹ فارموں کی نگرانی، ایس ایس ٹی، ایف ایس ٹی، وِی وِی ٹی اور ٹیموں کی تعیناتی، بزرگ شہریوں اور ضلع میں پی ڈبلیو ڈی ووٹروں کے لئے اِنتظامات کے بارے میں بھی بتایا۔
ایس ایس پی بڈگام نے چیئر کو ضلع میں اِنتخابات کے پُرامن اِنعقاد کے لئے کئے گئے مجموعی سیکورٹی اِنتظامات کے بارے میں جانکاری دی۔
میٹنگ میں تمام اے آر اوز، نوڈل اَفسران اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔
