سری نگر،09ستمبر:
سیکرٹری سیاحت اور امور ِنوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ نے آج صبح یہاں ٹی آر سی سے سائیکلسٹ عادل تیلی کی لیہہ سے منالی سائیکل یاترا کو جھندی دِکھا کر روانہ کیا۔
سرمد حفیظ نے پرچم کشائی سے قبل سائیکلسٹ عادل تیلی اورناظم سیاحت کشمیر جی این اِیتو کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر نے چمپئن سائیکلسٹ پیدا کئے ہیں جنہوں نے کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ عادل تیلی آج صبح تقریباً30گھنٹے میں لیہہ سے منالی سرکٹ کے لئے پیدل سفر طے کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔
لیہہ سے منالی سرکٹ سائیکل سواروں کے لئے اونچائی پر خطرناک علاقہ ہے ۔ فاصلہ کا موجودہ گنیزریکارڈ 34 گھنٹے 54 منٹ کا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ عادل تیلی نظر عالمی ریکارڈ پر ہے اور 30 گھنٹے میں سرکٹ ختم کرنے کی کوشش کریں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ عادل تیلی جیسے کھلاڑی ملک کے ہزاروں سائیکل سواروں کے لئے ترغیب ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر میں سائیکلنگ کی بہت بڑی صلاحیت ہے کیوں کہ یہ مائونٹیشن بائیک اور سائیکلنگ کے لئے یکساں موزوں ہے اور حکومت عادل تیلی جیسے سائیکل سواروں کی اِس کوشش میں مدد کر رہی ہے۔
سیکرٹری سیاحت نے مزید کہا کہ حکومت جنوبی کشمیر کے دیگر مقامات جیسے ویری ناگ، اچھہ بل ، سنتھن پاس کے علاوہ پرانے سائیکلنگ اور پہاڑی بائیک کے راستوں کو بحال کر رہی ہے۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے عادل تیلی کو ایک اور گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے پر مبارک باد دی اوراُنہوں نے مزید کہا کہ یہ کار نامہ یقینی طور پر یوٹی اور ملک کامزید نام روشن کرے گا۔
ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے بھی عادل تیلی کو اَپنی نیک خواہشات کا اِظہار کیا اور کشمیر سے کنیا کماری تک سائیکل چلانے کے ان کے سابقہ ریکارڈ کی تعریف کی۔
عادل تیلی نے گذشتہ برس کشمیر سے کنیا کماری کو 8دِن ، 1گھنٹہ اور 39منٹ میں طے کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
