سری نگر/جنوبی ضلع اننت ناگ کے سلر گاوں میں پیر کی شام کو تیندوے نے اس قدر ادھم مچائی کہ لوگ گھروں میں سہم کرر ہ گئے۔معلوم ہوا ہے کہ تیندوے نے یکے بعد دیگرے ایک درجن افراد کو زخمی کیا جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی شام کو سلر اننت ناگ میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب گاوں میں اچانک ایک بھاری برکم تیندوا نمودار ہوا اور جو بھی راستے میں آیا تیندوے نے اس کو لہولہان کیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ تیندوے کے حملے میں زائد از ایک درجن افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
زخمیوں کی پہچان رقیا بشیر دختر بشیر احمد ، شبیر احمد ولد غلام محمد ، ارشاد احمد ولد عبدالغنی، ربی جان زوجہ شبیر احمد سائمہ جان زوجہ سرتاج احمد ، ظہرا جان دختر سرتاج احمد ، قاسم ولد فیاض احمد، مہران گل جو ، شہزادہ زوجہ طاریق احمد ، پروینہ زوجہ عبدالرشید اور شاہد احمد کے بطور ہوئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سب ضلع ہسپتال سلر میں ابتدائی مرہم پٹی کے بعد سبھی زخمیوں کو جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ رات کی تاریکی کے باعث یہ پوری طرح سے معلوم نہ ہو سکا کہ تیندوے نے کتنے افراد کو زخمی کیا ہے۔ذرائع کے مطابق علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول ہے اور لوگ گھروں میں سہم کر رہ گئے ہیں۔
