سرینگر،21مئی:
صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ (رکن پارلیمان) نے آج نٹی محلہ میر بحری کلان رینہ واری (ڈل) جاکر وہاں گذشتہ دنوں آگ کی ہولناک وارادت سے متاثر ہوئے کنبوں کی ڈھارس بندھائی اور اُن کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ اُن کے ہمراہ سینئر پارٹی لیڈر آغا سید محمود بھی تھے۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں آگ کی ہولناک واردات میں یہاں 2مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگئے تھے جبکہ متعدد کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو بتایا گیا کہ محکمہ مال کے حکام یا ضلع ترقیاتی کمشنر نے ابھی تک آتشزدگی کا حال پوچھنے کی زہمت بھی گوارا بھی نہیں اور متاثرین کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے انتظامی طریقہ کار پر زبردست افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور ضلع انتظامیہ سرینگر پر زور دیا کہ وہ متاثرین کی فوری بازآبادکاری اور امدادکاری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں کیونکہ یہ مصیبت زدہ لوگ اپنا سب کو آگ کی اس ہولناک واردات میں کھو بیٹھے ہیں۔
انہوں نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنے ایم پی فنڈ میں سے بھی ان کی امداد کریں گے۔ انہوں نے ساتھ ہی ضلع انتظامیہ پر زوردیا کہ یہاں ایک فائرسٹیشن قائم کیا جائے کیونکہ گنجان آبادی ہونے کی وجہ سے یہاں آگ کی ایک چھوٹی سے واردات بے نقصان کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ساتھ ہی ضلع انتظامیہ پر زور دیا کہ رنگر کدل ناقابل آمد ورفت ہوگیا ہے جس سے متعلقہ علاقوں میں قیام پذیر لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے اور اس پُل کو ٹھیک کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اُن کے ہمراہ پارٹی لیڈر ڈاکٹر سعید مخددومی اور قیصر جلدل بھی تھے۔