سری نگر،25 مئی:
رہبر جنگلات اور رہبر کھیل اسکمیوں کے تحت کام کرنے والے ملازمین نے بدھ کے روز بھی یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر احتجاج درج کئے۔
احتجاجیوں نے اپنے ہاتھوں میں بینرس بھی اٹھا رکھے تھے اور وہ اپنے مطالبات کے حق میں جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔
اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا اب ایک ہی مطالبہ ہے کہ ہماری نوکریوں کو مستقل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم گذشتہ تین برسوں سے جد وجہد کرتے تھے کہ ہماری مستقلی کے معیاد میں کمی کی جائے اور ہماری تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے لیکن اسی دوران حکومت نے ایک حکمنامہ جاری کیا جو ہمارے ساتھ نا انصافی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے مطالبات کو لے کر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جی سے بھی ملے اور کچھ مرکزی وزرا کے ساتھ بھی ہم نے یہ مسئلہ اٹھایا لیکن ہمارے ساتھ صرف وعدے کئے گئے۔
موصوف احتجاجی نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات پورے نہیں کئے گئے تو ہم اپنے اہلخانہ کے ساتھ سڑکوں پر آئیں گے۔
ایک اور احتجاجی نے کہا کہ حکومت نے حال ہی میں حکمنامہ جاری کیا اس کو منسوخ کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چار برسوں سے کام کر رہے ہیں لیکن اب ہمیں ایس ایس بی کے حوالے کیا جا رہا ہے جو ہمارے ساتھ سراسر نا انصافی ہے۔
بتادیں کہ رہبر کھیل، رہبر زراعت اور این وائی سی ملازمین کی بر طرفی کے حوالے سے حکومت نے گذشتہ روز واضح کیا کہ ان سکیموں کے تحت کام کرنے والے ملازموں کو نوکریوں سے بر طرف کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
یہ ملازمین گذشتہ دو تین دنوں سے جموں میں بھی اور کشمیر میں بھی نوکریوں سے بر طرفی سے متعلق اس حکمنامے کے خلاف بر سر احتجاج تھے۔ (یو این آئی)
