سرینگر،22مارچ:
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے راج بھون میں وادیٔ کشمیر کے ایم بی بی ایس طلباء سے ملاقات کی جو یوکرین سے واپس آئے ہیں۔
طلباء نے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے جنگ زدہ ملک سے ان کے انخلاء پر حکومت کا شکریہ اَدا کیا۔اُنہوں نے ’’ آپریشن گنگا‘‘ کے تحت یوکرین سے ہندوستانی طلباء کی بہ حفاظت واپسی کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کی بھی تعریف کی۔
دورانِ بات چیت طلباء نے یوکرین کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اَپنی پڑھائی کے حوالے سے خدشات کا اِظہار کیا اور لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ اَپنے اِنخلاء کی داستانیں بھی بتائیں۔اُنہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے درخواست کی وہ انہیں مزید تعلیم کے لئے جموںوکشمیر اور ملک کے دیگرحصوں کے میڈیکل کالجوں میں جگہ دیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے اُنہیں حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دِلایا۔اُنہوں نے کہا کہ مرکزی اور جموںوکشمیر یوٹی حکومت یوکرین سے واپس آنے والے طلباء کو ہندوستان میں اَپنی تعلیم مکمل کرنے میںمدد کرنے کی پالیسی پر کام کر رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کرنے والے طلباء میں راسخ مظفر، اَدفر منظور ثمرین مشتاق ، بلقیسہ اختر ، نہار نور ، خادم حسین ،امیر حامد اور شیراز خان شامل ہیں۔