جموں/30؍اپریل: چیف سیکرٹری اَتل ڈولونے رام بن ضلع میں حالیہ زمین دھنسنے کے معاملے سے متاثرہ علاقے میںریلیف اور بازآبادکاری کے لئے اَب تک شروع کئے گئے اَقدامات کا جائزہ لینے کے لئے آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی۔
میٹنگ میں اے سی ایس جل شکتی، پرنسپل سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری پی ڈی ڈی، اے ڈی جی پی ایل اینڈ او، صوبائی کمشنر جموں، کمشنر سیکرٹری ایف سی ایس اینڈ سی اے، سیکرٹری ریونیو، سیکرٹری صحت،ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن، ایم ڈی کے پی ڈی سی ایل، چیف اِنجینئر آر اینڈ بی جموں (جنوبی) اور دیگر متعلقہ اَفسروں نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول شرکت کی ۔
چیف سیکرٹری نے صوبائی اور ضلعی اِنتظامیہ سے متاثرہ آبادی کے لئے ان کی طرف سے کئے جانے والے ریلیف اور بحالی کے اَقدامات کے بارے میں دریافت کیا۔ اُنہوں نے رام بن ضلع کے اِس علاقے میں منتقل ہونے والے کنبوں کو فراہم کی جانے والی ٹرانزٹ رہائش کی صورتحال کے بارے میں پوچھا۔ اُنہوں نے کہا کہ اِن ٹرانزٹ رہائش گاہوں میں بستر، کھانا، پینے کا پانی، بجلی، طبی اِمداد، صفائی ستھرائی اور دیگر سہولیات کا مناسب اِنتظام کیا جائے۔ اُنہوں نے حکومتی اَصولوں کے مطابق ان لوگوں کو فوری ریلیف پہنچانے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنے پر زور دیا۔
اُنہوں نے صوبائی اور ضلعی اِنتظامیہ سے متاثرہ علاقے میں کام کرنے والی خدمات کی صورتحال کے بارے میں بھی معلومات طلب کیں۔ اُنہوں نے افسروںسے کہا کہ وہ کٹے ہوئے علاقوں کے ساتھ جنگی بنیادوں پر روڈ لنک قائم کرنے کے اِمکانات کا جائزہ لیں تاکہ طبی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے علاوہ ہموار سپلائی کو یقینی بنایا جاسکے۔
چیف سیکرٹری نے بجلی اور پانی کے بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے علاوہ صحت خدمات کا جائزہ لیااور علاقے میں بالترتیب مختلف طبی سہولیات اور فیئر پرائس شاپوں کے ذریعے راشن کی تقسیم کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران پر زور دیا کہ وہ بنیادی ڈھانچے کی مکمل بحالی تک متبادل اِنتظامات کرنے اور اس کی بحالی کے لئے ضروری اَقدامات کریں۔
میٹنگ میں متاثرہ آبادی کی بحالی پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ صوبائی کمشنر اور متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنرکو زمینی سطح کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب بحالی کا منصوبہ تیار کرنے کاکام سونپا گیا۔ یہاں تک کہ اُن سے کہا گیا کہ وہ بے گھر لوگوں کو فوری مدد فراہم کرنے کے لئے ایس ڈی آر ایف اور ریڈ کراس کو ساتھ لے جائیں۔
مقامی اِنتظامیہ نے میٹنگ کو متاثرہ اَفراد کے لئے کئے جانے والے اَقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔بتایا گیا کہ اِنتظامیہ کی جانب سے 413 کے قریب 90 کنبوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ اِس کے علاوہ تین مقامات پر ٹرانزٹ رہائش قائم کی گئی تھی جن میں پنچایت گھر اور گاؤں میں واقع دو کمیونٹی ہال شامل ہیں۔
یہ بھی اِنکشاف کیا گیا کہ گول سب ڈسٹرکٹ سے ہلکی موٹر گاڑیوں (ایل ایم وی) کی روانی کے اِنتظامات مہوراور ریاسی کے راستے کئے گئے ہیں اور اِس کے علاوہ ایک قابل اعتماد لنک کا قیام بھی جلد از جلد کیا جائے گا۔
اِس کے علاوہ میٹنگ میںجانکاری دی گئی کہ اِنتظامیہ اِنڈین اِنسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) اور جیولوجیکل سروے آف اِنڈیا (جی ایس آئی) کے ذریعے علاقے میں زمین دھنسنے کی وجہ تلاش کررہی ہے تاکہ رام بن میں زمین دھنسنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے اور اِس کے حفاظتی اَقدامات کی سفارش کی جا سکے۔