مرکزی وزیر دھرمندر پردھان نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم کے ساتھ ہنر مندی حاصل کرنے کی طرف زیادہ توجہ دی جائے ۔ ان کا کہنا ہے کہ تعلیم یا ہنر میں سے کسی ایک شعبے میں سند حاصل کرنے سے زیادہ کچھ حاصل نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ بلکہ دونوں اب لازم و ملزوم ہیں ۔ دوہری ڈگریوں پر زور دیتے ہوئے انہوں نے جدید دنیا میں آگے بڑھنے کے لئے سخت محنت پر زور دیا ۔ مرکزی وزیر پچھلے دنوں ٹورازم کے حوالے سے ایک تقریب کے موقعے پر بول رہے تھے ۔ اپنی تقریر میں انہوں نے سیاحتی شعبے میں روزگار تلاش کرنے پر زور دیا ۔ ان کا کہنا ہے کہ سیاحتی شعبے میں روزگار کے واضح امکانات ہیں ۔ اس موضوع پر بولتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ دنیا میں مہمان نوازی نے اطمینان بخش رخ اختیار کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ مہذب دنیا میں مہمان نوازی نے ایک شاندار حیثیت اختیار کی ۔ اس تناظر میں سیاحتی شعبے کی ترقی کے بھی بڑے امکانات ہیں ۔ وزیرموصوف نے سیاحتی شعبے میں روزگار تلاش کرنے پر زور دیا ۔
سیاحتی شعبے میں روزگار کے امکانات سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ بہت سے ممالک میں اس شعبے نے کافی ترقی کی ہے اور وہاں کے لوگ سیاحت کے ذریعے کافی دولت کمانے میں کامیاب ہورہے ہیں ۔ مصر ایسا ملک ہے جہاں کی معیشت کا دارومدار سیاحت پر ہے ۔ اسی طرح سویزر لینڈ ، عرب امارات اور دوسرے کئی ملک اس شعبے میں نام کماچکے ہیں ۔ یہاں بڑی تعداد میں سیاح آتے ہیں ۔ سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد سے یہاں کے باشندوں کو آمدنی تو ہوتی ہے ۔ حکومت کو بھی غیر ملکی زر مبادلہ ملنے سے سہارا حاصل ہوتا ہے ۔ تازہ صورتحال یہ ہے کہ عرب ممالک پٹرول کے ذخائر بتدریج کم ہونے کے بعد سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے کی کوشش کرتے ہیں ۔ سعودی عرب کو پہلے ہی حج اور عمرہ پر آنے والے زائرین کے ذریعے بڑی آمدنی حاصل ہوتی ہے ۔ اس کے باوجود ملک کی انتظامیہ چاہتی ہے کہ اس دائرے کو وسیع کرکے سیاحوں کی آمد میں اضافہ کیا جائے ۔ ملک کے حکام کا خیال ہے کہ پٹرول کے ذخائر میں کمی آنے سے یہاں کی آمدنی میں بہت زیادہ فرق پڑنے کا خدشہ ہے ۔ ان خدشات کے پیش نظر کوشش کی جارہی ہے کہ سیاحتی شعبے کو وسیع کیا جائے تاکہ آمدنی کے وسائل میں کوئی فرق نہ آئے ۔ اس حوالے سے ملک کے مختلف شہروں کے اندر سیاحتی ڈھانچہ تعمیر کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ عرب ممالک نے یورپ اور ہندوستان کے ساتھ تعلقات میں جو نئی نہج لائی اس میں سیاحتی ضرورتوں کا خاص دخل ہے ۔ سعودی شہنشاہوں کی کوشش ہے کہ تفریح کے ایسے ذرایع تلاش کئے جائیں جو مسلمان زائرین کے علاوہ غیر مسلم سیاحوں کے لئے دلچسپی کا باعث ہوں ۔ سینمائوں اور کلچر سنٹروں کی تعمیر میں اس بات کا بڑا عمل دخل ہے ۔ اس حوالے سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ نئی دنیا میں آگے بڑھنے کے لئے سیاحت کو مرکزی مقام حاصل ہوگا ۔ کشمیر میں ٹورازم انڈسٹری پہلے سے ہی منظم ہے اور اس شعبے کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جارہی ہے ۔ تاہم یہاں سیاحت کا شعبہ ایک محدود دائرے کے اندر کام کرتا رہا ہے ۔ چند مخصوص مقامات کے علاوہ اس شعبے کو دوسری جگہوں تک پھیلایا نہیں جاسکا ۔ اب بھی کشمیر کی آبادی کا بڑا حصہ سیاحت سے لاتعلق ہے ۔ مغل باغات کے علاوہ پہلگام اور گلمرگ سے آگے اس شعبے کو وسعت نہیں دی جاسکی ۔ موجودہ انتظامیہ نے کئی نئے سیاحتی مقامات کو اس نقشے پر لانے کا یقین دلایا ہے ۔ خاص طور سے دیہی سیاحت کو متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا گیا ۔ بلکہ کچھ دیہات پہلے ہی سیاحوں کا استقبال کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ اس کے باوجود یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ سیاحت سے چند مخصوص خاندانوں کے علاوہ عام لوگوں کو کوئی خاص فائدہ نہیں مل رہا ہے ۔ سیاحت کے شعبے پر مخصوص حلقوں کی اجارہ داری رہی ہے ۔ ان کے علاوہ ماضی کی حکومتوں نے کبھی بھی اس شعبے کو مزید پھیلنے میں مدد فراہم نہیں کی ۔ کئی سو افراد کے علاوہ عام لوگوں کو اس ذریعے سے کوئی مدد نہیں ملی ۔ یہی وجہ ہے کہ سیاحت سے روزگار کے امکانات کو ایک مزاق سمجھا جاتا ہے ۔ سرینگر میں ہوٹل اور ہاوس بوٹ مالکان کے علاوہ دوسرے شہریوں کو سیاحوں کی آمد سے کوئی زیادہ فائدہ نہیں مل رہاہے ۔ بلکہ ان کا کہنا ہے کہ سیاحوں کی آمد سے ماحول بگڑنے اور کچرا پھیلنے کے علاوہ کچھ نہیں ہوتا ہے ۔ یہ باتیں کہا تک صحیح ہیں الگ بات ہے ۔ تاہم یہ حقیقت نظر انداز نہیں کی جاسکتی ہے کہ عام لوگوں کو سیاحتی شعبے سے پائدار روزگار نہیں مل رہا ہے ۔ ماضی میں سیاست دانوں کے تعاون کی وجہ سے چند مخصوص خاندان سیاحت کا استحصال کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ انہوں نے من مانے طریقے سے اپنے سیاحتی ڈھانچے کو وسعت دی ۔ دوسرے لوگوں کو قانون اور عدالتوں کے غیر معتبر رویے کے ذریعے اس شعبے میں قدم رکھنے سے روکا گیا ۔ مال دار لوگوں نے عام لوگوں کو نزدیک پھٹکنے نہیں دیا ۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ عام لوگوں کے لئے سیاحتی شعبے سے روزگار کا کوئی موقع نہیں ملا ۔ استحصال کو روکنے اور توزن پیدا کئے بغیر عام شہریوں کو سیاحتی شعبے سے روزگار ملنا مشکل ہے ۔
