چٹان ویب ڈیسک
شاہ رخ خان ایک دیوار کے سامنے کھڑے ہیں اور دیوار پر عامر خان کی دو فلموں ’پی کے‘، ’تھری ایڈیٹس‘، سنجے دت کی فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ اور رنبیر کپور کی فلم ’سنجو‘ کے پوسٹرز لگے ہیں۔
ان پوسٹرز کو دیکھ کر شاہ رخ خان کہتے ہیں ’واہ کیا فلمیں ہیں۔‘ان چاروں فلموں میں ایک بات مشترک ہے اور وہ یہ ہے کہ یہ سب فلمیں انڈین فلمساز راج کمار ہیرانی نے بنائی ہیں۔
ابھی شاہ رخ خان ان فلموں کے پوسٹرز کو حسرت بھری نگاہوں سے دیکھ ہی رہے ہوتے ہیں کہ راج کمار ہیرانی خود بالی وڈ کے ’بادشاہ‘ کے برابر میں نمودار ہوتے ہیں اور پوچھتے ہیں ’کیا دیکھ رہے ہو شاہ رخ؟‘فلموں کے پوسٹرز کی طرف دیکھ کر شاہ رخ خان کہتے ہیں ’کمال کے کردارہیں یہ سب۔ سر میرے لیے بھی کچھ ایسا ہے کیا؟‘راج کمار ہیرانی اس سوال کے جواب میں شاہ رخ خان کو نئی فلم کی پیشکش کردیتے ہیں۔راج کمار ہیرانی اور شاہ رخ خان نے اپنی نئی فلم ’ڈنکی‘ کا اعلان کرنے کے لیے یہ طریقہ اپنایا ہے اور اس ٹیزر کو منگل کے روز یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان اور راج کمار ہیرانی پہلی مرتبہ کسی پراجیکٹ پر ساتھ کام کر رہے ہیں۔فلم کی کہانی کے حوالے سے زیادہ معلومات موجود نہیں لیکن ریلیز کیے گیے ٹریلیر کے مطابق فلم میں کامیڈی، جذبات اور رومینس بھی ہے۔شاہ رخ خان نے جب فلم کا نام پوچھا تو راج کمار ہیرانی نے کہا ’ڈنکی‘۔ لیکن شاہ رخ خان سمجھے کہ شاید وہ ڈونکی (گدھا) کہہ رہے ہیں لیکن فلم کا نام ڈونکی نہیں بلکہ ’ڈنکی‘ ہی ہے۔
شاہ رخ خان فلمساز راج کمار ہیرانی کے ساتھ کام کرنے کا موقعہ ملنے پر کافی خوش بھی ہیں۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’آپ شروع کرو میں ٹائم پر پہنچ جاؤں گا۔ بلکہ میں تو فلم کے سیٹ پر ہی رہنے لگوں گا۔‘ان کی ٹویٹ کے مطابق یہ فلم دسمبر 2022 میں سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ اس فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ تپاسی پنو بھی مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔