سری نگر،14 مئی:
بی جے پی کے جموں و کشمیر نے یونٹ نے ہفتے کے روز یہاں کشمیری پنڈت راہل بٹ، پولیس اہلکار ریاض احمد اور دیگر شہری ہلاکتوں کے خلاف احتجاج درج کیا۔احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے جن پر انگریزی زبان میں ’بے قصوروں کی ہلا کتوں کو بند کرو‘ جیسے نعرہ لکھے ہوئے تھے۔وہ پاکستان کے خلاف بھی جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے اور انہوں نے اقوام متحدہ سے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی بھی اپیل کی۔
اس موقع پر یونٹ کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ جب سے کشمیر میں ٹورزم بڑھنے لگا ہے اور یہاں امن و سکون قائم ہونے لگا ہے تب سے پاکستان اور جنگجوؤں کو مایوسی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا: ’پاکستان کی پشت پناہی والے دہشت گرد اپنے آپ کو زندہ رکھنے کے لئے راہل بٹ اور ریایض احمد جیسے بے قصوروں کا قتل کرتے ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ان ہلاکتوں کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور قاتلوں کو جلد سے جلد کیفر کر دار تک پہنچانے کی اپیل کرتے ہیں۔الطاف ٹھاکر نے کہا کہ جن کشمیری پنڈتوں نے گذشتہ روز احتجاج کے دوران ہمارے خلاف نعرے لگائے انہوں نے جذبات میں آکر ایسا کیا ورنہ پنڈت ایک امن پسند قوم ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران ان پر لاٹھی چارج کیا گیا جو انتہائی افسوس ناک بات ہے۔ایک اور احتجاجی نے کہا کہ ہماری اقوام متحدہ سے اپیل ہے کہ وہ پاکستان پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ کشمیر میں جنگجوؤں کے بھیجنے کے سلسلے کو بند کرے۔انہوں نے کہا کہ راہل اور ریاض جیسے کشمیری بیٹوں کا خون بہایا جا رہا ہے جس ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔یو این آئی