سری نگر،07اگست:
جموں وکشمیر پولیس نے مبینہ طور پر کالج لڑکی سے چھیڑ چھاڑ کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔بتادیں کہ ہفتے کے روز متاثرہ لڑکی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے نوجوان کی گرفتاری عمل میں لائی ۔
سری نگر پولیس نے ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ایک ملزم عادل عزیز ساکن سیدہ کدل رعناواری سری نگر کو حراست میں لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسلامیہ کالج سری نگر میں زیر تعلیم طالبہ کے ساتھ مبینہ چھیڑ چھاڑ کرنے کے الزام میں نوجوان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔عوامی حلقوں نے پولیس کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہاکہ درندہ صفت نوجوان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ضرورت ہے تاکہ دوسرے اس سے سبق حاصل کر سکے۔