سری نگر، 21اپریل :
وادی کشمیر میں پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں جس سے کسان طبقے سے وابستہ لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 22 اپریل کو بھی ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں کہیں کہیں بارشوں کے علاوہ ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق وادی گریز ، مژھل، سونہ مرگ اور شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں ہلکی برف باری ہوئی ہے جبکہ زوجیلا پر دو انچ برف جمع ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران6.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 24.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔(یو این آئی)