سری نگر،17 مئی :
شہرہ آفاق جھیل ڈل میں تیز آندھی کے دوران پھنسے ہوئے سیاحوں اور مقامی سیلانیوں کو محفوظ مقام تک پہنچایا گیا۔یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ منگل کی سہ پہر کو موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی وادی کے اطراف و اکناف میں تیز ہوائیں چلنے سے لوگ گھروں میں سہم کررہ گئے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ شہرہ آفاق جھیل ڈل میں تیز ہوائیں چلنے سے کئی شکارا جن میں سیاح موجود تھے پھنس کر رہ گئے۔
انہوں نے کہاکہ جھیل ڈل میں تعینات متعلقہ محکمے کے اہلکار فوری طورپر حرکت میں آئے اور خصوصی بوٹوں کے ذریعے شکارا میں پھنسے ہوئے سیاحوں اور مقامی سیلانیوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا۔
سرکاری ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھیل ڈل کے بیچ و بیچ پھنسے ہوئے مقامی اور غیر مقامی سیلانیوں کو ڈوبنے سے بچانے کی خاطر ریسکو آپریشن شروع کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اکثر سیلانیوں کو محفوظ جگہ تک پہنچایا گیا اور ابھی بھی چند شکارا جھیل ڈل میں پھنسے ہوئے جنہیں محفوظ مقام تک پہنچانے کی خاطر آپریشن جاری ہے۔(یو این آئی)