چٹان ویب مانیٹرینگ
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سکرامنٹو میں اتوار کی صبح ایک عوامی مقام پر فائرنگ کے واقعے میں میں 6 افراد ہلاک اور دیگر 10 زخمی ہو گئے۔خبر ایجنسی ‘اے پی ‘ کی خبر کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سکرامنٹو میں اتوار کی صبح ایک عوامی مقام پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیات کے سلسلے میں کیلیفورنیا کی پولیس ایک مشتبہ شخص کو تلاش کر رہی ہے، فائرنگ کے واقعے میں 6 افراد ہلاک اور دیگر 10 زخمی ہو گئے تھے۔
سکرامنٹو پولیس چیف کیتھی لیسٹر نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ پولیس تقریباً 2 بجے علاقے میں گشت کر رہی تھی جب علاقے میں فائرنگ کی آواز سنی گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ جب پولیس جائے وقوع پر پہنچی تو دیکھا کہ سڑک میں رش لگا ہوا ہے اور 6 افراد مردہ حالت میں زمین پر موجود تھے۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں 10افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم زخمیوں کی حالات کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دی گئیں۔حکام کو یہ معلوم نہیں ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں کوئی ایک شخص ملوث تھا یا ایک سے زیادہ افراد ملوث تھے، پولیس حکام واقعے کے ذمہ داروں کی کھوج لگانے کے لیے عوام سے مدد طلب کر رہے ہیں۔
پولیس چیف کیتھی لیسٹر نے واقعے میں استعمال کیے گئے اسلحے سے متلعق کسی قسم کی کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت ہی پیچیدہ اور گھمبیر صورت حال ہے، کیتھی لیسٹر نے عوام سے مدد کی اپیل کی جس میں واقعے کے عینی شاہدین کی ریکارڈنگ رکھنے والے افراد سے بھی پولیس سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی۔فائرنگ کے فوراً بعد ٹوئٹر پر پوسٹ ہونے والی ویڈیو میں لوگوں کو گولی چلنے کی آواز کے دران تیزی سے سڑک سے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا، ویڈیو میں جائے وقوع پر متعدد ایمبولینسز کو دیکھا جا سکتا ہے۔