چند سال پہلے یہ بات طے تھی کہ ڈل جھیل کا وجود خطرے میں ہے ۔ جھیل میں جس تیزی سے آلودگی کا اضافہ ہورہا تھا ماہرین اندازہ لگارہے تھے کہ بہت جلد اس کا وجود ختم ہوجائے گا ۔ حکومت اور دوسرے کئی ادارے مل کر اس کو جلد از جلد ختم کرنے کی کوششوں میں لگے تھے ۔ ایک طرف اس کے ذریعے بڑے پیمانے پر پیسے کمانے کا ناجائز کاروبار چل رہا تھا ۔ تحقیقات کی جائے تو معلوم ہوگا کہ بڑے بڑے بینک گوٹالوں میں اتنا پیسہ ہڑپ نہیں ہوا جتنا سرکاری ایجنسیوں نے ڈل جھیل کے تحفظ کے نام پر اڑا کر لے لیا ۔ حکومت جس آفیسر کو مالا مال کرنا چاہتی تھی اس کو ڈل جھیل کی حفاظت کا کام سونپا جاتا تھا ۔ ایسے کرتے ہی انداز ہوتا تھا کہ مذکورہ آفیسر سرکار کا خاص آدمی ہے اور اس کو مالی فائدہ پہنچانے کے لئے یہاں لایا گیا ۔ یہاں جو بھی آیا بے حساب پیسے کماکر چلا گیا ۔ اس دوران ڈل کو نابود ہونے سے بڑی مشکل سے بچایا گیا ۔ آج اس کو آلودگی سے بچانے کے لئے بڑے پیمانے پر کوششیں ہورہی ہیں ۔ کئی نئے پروجیکٹوں پر کام جاری ہے اور اندازہ لگایا جاتا ہے کہ شاید اس کو آخری ہچکیاں لینے سے بچایا جائے گا ۔ ایل جی انتظامیہ نے ڈل کو بچانے اور دلفریب بنانے کے لئے کئی بہتر قدم اٹھائے ۔ کئی لوگ کہتے ہیں کہ ڈل کی پرانی رونقیں پھر سے لوٹ آئی ہیں ۔ بلکہ کئی ایک کا کہنا ہے کہ پہلے سے زیادہ دلکش نظر آتا ہے ۔ صفائی کا کام بڑے پیمانے پر جاری ہے اور گندگی ہٹانے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بہت جلد ایسے نئے پروجیکٹ چالو کئے جارہے ہیں جن سے ڈل میں سیوریج جانے سے روکا جائے گا اور اس کے اندر آلودگی کو کم کرنے میں کامیابی حاصل ہوگی ۔ ایسا ہوا تو یقینی طور ڈل کی عمر میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔
اس بات میں کوئی شک نہیں کہ کشمیر خاص کر سرینگر میں ڈل کے علاوہ کئی دوسرے خوبصورت مقام موجود ہیں ۔ ایسے مقامات سیاحوں کے لئے کشش کا باعث ہوسکتے ہیں ۔ تاہم اس بات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے کہ ڈل اور اس میں موجود ہائوس بوٹ دنیا بھر کے سیاحوں کے لئے کشمیر آنے کا بڑا مقصد ہے ۔ ان ہائوس بوٹوں کے اندر کچھ راتیں گزارنا ہر سیاح کا خاص تمنا ہوتا ہے ۔ بیشتر سیاح پانی پر تیرتے ہوٹلوں میں رہنا اور اس کا لطف اٹھانا زیادہ پسند کرتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ ڈل بچائو سیاحت کے لئے خاص طور سے اہم قرار دیا جاتا ہے ۔ حکومت سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لئے سنجیدگی کا اظہار کررہی ہے ۔ کل ہی ایل جی نے انکشاف کیا کہ اس سال اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ سیاح کشمیر آئے ہیں ۔ اس بات کو بڑا ہی خوش آئند قرار دیا جاتا ہے کہ سیاح ایک بار پھر کشمیر آکر یہاں اپنی مرضی سے چلتے پھرتے نظر آتے ہیں ۔ کہیں بھی اور کسی بھی خوبصورت جگہ کو دیکھنے سے کسی بھی سیاح کو روکا نہیں جاتا ہے ۔ بلکہ یہ لوگ جہاں چاہیں اپنی مرضی سے جاسکتے ہیں ۔ حال ہی میں جی ٹونٹی اجلاس سرینگر میں منعقد کرنے کا یہی مقصد بتایا گیا کہ سیاحوں کو یہاں آنے کے لئے تیار کیا جائے ۔ عالمی اجلاسوں کے انعقاد سے یقینی طور سیاحوں کی آمد کو فروغ ملے گا ۔ ایسے اجلاس یہاں منعقد ہوجائیں تو سیاحت کو فروغ ملنا یقینی ہے ۔ پچھلے پچاس سالوں کے دوران سرکار کو بار بار سمجھانے کی کوشش کی گئی کہ ایسی جگہوں کی حفاظت کو نظر انداز کیا گیا تو ناقابل تلافی نقصان ہوگا ۔ لیکن حکومت نے کبھی توجہ نہیں دی ۔ ایسا کہنا صحیح نہیں ہوگا ک اس کے لئے رقوم مشخص نہیں کئے گئے ۔ بلکہ مرکزی سرکار کی طرف سے اس کام کے لئے بڑے پیمانے پر امداد مہیا رکھی گئی ۔ بدقسمتی سے یہ پیسے صحیح طریقے سے خرچ نہیں کئے گئے ۔ ان کے خرچ پر کوئی نظر نہیں رکھی گئی ۔ بلکہ بے تحاشہ خرچ کئے گئے ۔ یہ ایسا مد تھا جس کا آڈٹ ممکن نہیں تھا ۔ لیکن نظر گزر رکھنا بہت ضروری تھا ایسا جان بوجھ کر نہیں کیا گیا اور لوٹ مار کی کھلی چھوٹ دی گئی ۔ایک ایک سرکاری آفیسر نے یہاں سے اپنی جیبیں اور خالی اکاونٹ بھردئے ۔ایک آفیسر کا پیٹ بھرگیا تو دوسرے کو لا کر اسے خوش کیا گیا ۔ ڈل کی حالت پہلے سے بھی ابتر ہوگئی ۔ موجودہ سرکار کی کوششوں سے ڈل کا تحفظ ممکن ہوا تو یہ ایک بڑا کارنامہ ہوگا ۔ سرینگر میں جو دوسرے قدرتی آبی ذخائر پائے جاتے ہیں وہ بھی آخری سانسیں لے رہے ہیں ۔ نگین اور ہوکر سر بھی بڑی مشکل سے سانسیں لے رہے ہیں ۔ اسی طرح دوسرے آبی ذخائر کا حال بھی بے حال ہے ۔ حکومت کے پاس ایسے تمام مقامات بچانے کے لئے منصوبے تیار کرنا ہونگے ۔ بلکہ کئی منصوبے پہلے ہی سامنے لائے گئے ہیں ۔ سمارٹ سٹی کے حوالے سے مبینہ طور بڑے پیمانے پر کام جاری ہے ۔ ابھی بہ ظاہر تخریبی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ لیکن بہت جلد ان کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور معلوم ہوگا کہ ایسا بلا وجہ نہیں کیا گیا ۔ پہلے مرحلے پر پولو ویو اور گھنٹہ گھر کو از سر نو تعمیر کیا گیا ۔ اس کے نتائج بڑے اطمینان بخش ہیں ۔ امید کی جارہی ہے کہ دوسرے اقدامات بھی بڑے سود مند ثابت ہونگے ۔ شہر کو جدید طرز کا بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ۔