جموں کشمیر یو ٹی کو پہلے مرکزی وزارت کی طرف سے اول نمبر پر دکھایا گیا پھر کولکتی کی ایک تقریب میں انعام سے نوازا گیا ۔ اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ مرکزی سرکار نے تمام ریاستوں اور مرکزی انتظام والے علاقوں کو سی ڈی پی کی جیو ٹیگنگ کا حکم دیا تھا ۔ یہ کام مکمل ہونے کے بعد معلوم ہوا کہ جموں کشمیر سرکار نے اس معاملے میں بڑے سرعت سے کام کیا اور پورے ملک میں اس کا پہلا نمبر رہا ہے ۔ جانکار حلقوں کا کہنا ہے کہ کلسٹرڈیولپمنٹ پروجیکٹس کی اس جیو ٹیگنگ سے جموں کشمیر میں ترقی کی رفتار میں مزید تیزی آئے گی۔ اس دوران یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کولکتہ میں جاری ٹورازم میلے میں جموں کشمیر کی طرف سے لگائے گئے اسٹال کو انعام سے نوازا گیا ہے ۔ جموں کشمیر کے اسٹال کو اس کی پرزنٹیشن اور ڈیزائن کے لئے نوازا گیا ہے ۔ یہاں منعقدہ تین روزہ فیسٹول کی اختتامی تقریب پر جموں کشمیر کے اسٹال کی حوصل افزائی کرتے ہوئے اس کی تعریف کی گئی ۔ ملک بھر کی طرف سے آئے ٹورازم صنعت کے نمائندوں کی موجودگی میں جموں کشمیر کو ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ یہ بڑی حوصلہ افزا بات ہے کہ جموں کشمیر کو اس کی ممتاز کارکردگی کی بنیاد پر ایک ہی دن میں دو وجوہات کی بنا پر انعام سے نوازا گیا ۔ اس طرح کی حوصلہ افزائی سے یقینی طور سرکاری اہلکار آنے والے وقت میں زیادہ محنت سے کام کرکے مزید انعام حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ۔
جموں کشمیر کے موجودہ لیفٹنٹ گورنر کو اس حوالے سے ایک ممتاز سربرا ماناجاتا ہے کہ اس نے سرکاری اہلکاروں کے ورک کلچر میں نمایاں فرق لایا ہے ۔ اس سے پہلے یہاں کام کرنے کا ایسا ڈھنگ نہیں پایا جاتا تھا ۔ خود ایل جی یہ بات کئی بار دہراچکے ہیں کہ ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنا ہوگا ۔ ان کا کہنا ہے کہ ہڑتالوں اور دفاتر بند کرانے کا زمانہ گزرچکا ہے ۔ اب عوامی خدمت کا زمانہ ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ مرکزی سرکار کے علاوہ کئی دوسرے حلقوں کی طرف سے ان کی کارکردگی کی تعریف کی جاتی ہے ۔ موجودہ لیفٹنٹ گورنر کی یہ صفت بڑی نمایاں ہے کہ آپ شور شرابے کے بغیر اپنا کام کاج کرنے پر زور دیتے ہیں ۔ ہٹو بچو اور اس طرح کے کسی بھی دبائو کے بغیر انہوں نے پورے نظام کو بدل کے رکھ دیا ۔ اوپر سے کوئی بھی آڈر آئے تو پوری سرکاری مشنری اس پر عمل کرنے کو دوڑ پڑتی ہے ۔ ہر سرکاری اہلکار کی کوشش ہوتی ہے کہ آدر کو عملانے میں اپنے کام کا حصہ ادا کرے ۔ اس وجہ سے کوئی بھی کام ادھورا یا ناممکمل نہیں رہتا ہے ۔ پہلے کام کاج کے طریقے خاص کر ہڑتالوں کی وجہ سے سرکاری ملازم سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے بلکہ اس سے لطف اندوز ہونے کی کوشش کرتے تھے ۔ بہت سے سرکاری ملازموں نے ملازمت کو عیش کوشی کے لئے اختیار کیا تھا ۔ دوسری طرف وہ کوئی نہ کوئی دوسرا کام ضرور کرتے رہتے تھے ۔ وہ زراعت کاکام خود کرت تھے اور اس ذریعے سے کافی منافع کماتے تھے ۔ ان کے باغ ہمہ وقت مزدوروں کے باغوں سے زیادہ پھتے پھولتے نظر آتے تھے ۔ وجہ ایک ہی تھی کہ حالات کا فائدہ اٹھاکر بہت کم اپنی ڈیوٹی دینے دفتر جاتے تھے ۔ انہیں کوئی پوچھنے والا تھا نہ اس کی کوئی جرات ہی کرسکتا تھا ۔ جب سے منوج سنہا نے یوٹی کا انتظام سنبھالا نظام کار یکسر بدل گیا اور ملک میں یہاں کے کام کاج کے نئے انداز کو سراہا جاتا ہے ۔ اس دوران ہر شعبے کے اندر نمایاں ترقی دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ اگرچہ ابھی تک مبینہ طور ان کے توقعات کے برابر کام نہیں ہورہاہے ۔ آپ جس طریقے سے عوامی خدمت انجام دینا چاہتے ہیں سرکاری اہلکار ابھی اس لیول پر کام نہیں کرتے ہیں ۔ تاہم یہ بات نظر انداز نہیں کی جاسکتی ہے کہ پہلے کے مقابلے میں کام کرنے کے طریقے میں واضح تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ اسکولوں میں کام کرنے والے اساتذہ بڑے چاق و چوبند نظر آتے ہیں ۔ بلاک آفسوں اور ریونیو محکمے کے دفتروں میں کام کرانے کے لئے ہفتوں انتظار نہیں کرنا پڑتا ہے ۔ آن لائن کام کرنے کے طریقے نے عام لوگوں کے لئے بڑی سہولت میسر کی ہے ۔ اگرچہ کئی شعبے ابھی تک اسی پرانے طرز عمل وک اپنائے ہوئے ہیں اور کام کرنے کے ڈھنگ کو بدلنے کے لئے آمادہ نہیں ۔ اس حوالے سے ہائر ایجوکیشن کی مثال دی جاسکتی ہے ۔ چند روز پہلے یونیورسٹی کی طرف سے سامنے لائے گئے نتائج سے پتہ چلا ہے کہ گریجویشن کے ایک سمسٹر میں دس فیصد کے آس پاس ہی طلبہ کامیاب ہوئے ہیں ۔ اسی طرح سرکار ہسپتالوں میں وہی گیا گزرا طریقہ علاج رائج ہے ۔ ڈاکٹر حضرات اپنی خو چھوڑنے کو تیار ہیں نہ باقی عملہ اپنی وضع بدلنے پر آمادہ ہے ۔ باقی سب کچھ بدل گیا لیکن یہاں وہی غنڈہ گردی پائی جاتی تھی جو پہلے رائج تھی ۔ ایسے ہی کئی دوسرے شعبوں کے بارے میں کہا جاسکتا ہے ۔ تاہم مجموعی طور نظام بدل رہا ہے ۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ ضلعی سربراہوں کو کئی موقعوں پر انعامات سے نوازا گیا ۔ اب جیو ٹیگنگ اورٹورازم اسٹال کے حوالے سے انعامات سے نوازا گیا ۔ یہ بڑی حوصلہ افزا بات ہے کہ کشمیر کے سرکاری اہلکار ایسی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ امید ہے کہ کام کرنے کا یہ طریقہ جاری رہے گا اور اس میں مزید سرعت لانے کی کوشش کی جائے گی ۔
